252

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر نے خودکشی کرلی.

نئی دہلی (بھارتی میڈیا رپورٹس) بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اروند سنہا نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے تصدیقی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر پریا گرج میں تعینات تھے جہاں انہوں نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فضائیہ کالونی میں مقیم اروند سنہا نے اپنی ذاتی پستول کنپٹی پر رکھ کر فائرنگ کی، انتظامیہ فائرنگ کی آواز سُن کر حرکت میں آئی مگر جس وقت تک دیگر اہلکار اُن کے کمرے میں پہنچے وہ دم توڑ چکے تھے۔ سینٹرل ائیر کمانڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر گزشتہ چند دنوں سے کافی پریشان تھے جس کا انہوں نے ساتھیوں سے ذکر بھی کیا تھا مگر مسئلے سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چوالیس سالہ افسر کی موت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کردی جہاں اُن کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پریا گرج کے ساتھی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ اہل خانہ کی طرف سے کافی پریشان تھے جس کے لیے انہوں نے چھٹیوں کی درخواست بھی دی تھی تاہم ہنگامی حالات کی وجہ سے اُن کی استدعا کو مسترد کردیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں