201

ساہیوال: درخت معاشی اور ماحولیاتی حالت کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں. محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو معاشی اور ماحولیاتی حالت کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی فاریسٹ میں عالمی یوم جنگلات کی مناسبت سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس دوران وہاں 10 ہزار نئے پودے بھی لگائے گئے ۔اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر صدیق ڈوگر اوراسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی محمد عابد کلیا ر کے علاوہ سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان اور مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کسی ملک کے کم از کم 25 فیصد جنگلات از حد ضروری ہوتے ہیں لیکن وطن عزیز میں مسلسل کٹائی اور مناسب منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے جنگلات 4 فیصد کی خطرناک ترین حد تک پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایسا کوئی درخت پیدا نہیں کیا جو آکسیجن خارج اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب نہ کرتا ہو لیکن پھر بھی ایک ہی قسم کے پودوں کی بجائے مختلف مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں اور اس سلسلے میں روائتی پودوں کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو” پلانٹ فار پنجاب ” کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کی کامیابی وسیع پیمانے پر شجر کاری میں ہی مضمر ہے ۔ملک کے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ وطن ، والدین ،اساتذہ ، اولاد اور اپنے پیاروں کے نام پر کم از کم ایک پودا ضرور لگائے تا کہ گرمی کی شدت ، آبی قلت اور آلودگی سے نجات حاصل کرنے میں مدد مل سکے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ماحول کی فطری شکل ہی تبدیل ہو رہی ہے اور اگر اس پر قابو پانے کیلئے جامع اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنیوالی نسلوں کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی ۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر صدیق ڈوگر نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کیلئے شجر کاری کے مقررہ ٹارگٹ کا 84 فیصد پورا کیا جا چکا ہے اور آئندہ جون تک ضلع میں 3 لاکھ سے زائد پودے لگ جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں سمیت غیر سرکاری تنظیموں کو بھی پودے مہیا کیے جا رہے ہیں جبکہ پاک فوج کو بھی اس مہم میں شامل کرنے کیلئے ایک لاکھ پودے دیے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان نے شہریوں اور طلباء کے ساتھ مل کر اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگایا اور اس مہم میں شامل ہونے پر معصوم بچوں کی کاوشوں کو سراہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں