215

ساہیوال: حلف کی پاسداری میں پولیس کے 1416جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کو تحفظ کا احساس دیا ہے. شارق کمال صدیقی ، آر پی او.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)ریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے ہر جوان نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کا حلف لیا ہے اور اس حلف کی پاسداری میں پولیس کے 1416جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کو تحفظ کا احساس دیا ہے ۔پولیس کی نوکری صرف وہی شخص کر سکتا ہے جو قربانی دینے کا جذبہ رکھتا ہو اور ہر جوان اسی جذبے سے سر شار ہو کر روزانہ اپنی ڈیوٹی پر پہنچتا ہے ۔پولیس کے شہداء محکمے کے ماتھے کاجھومر ہیں جن کے لواحقین کی نگہداشت پنجاب پولیس کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا ۔انہو ں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل میں مصطفی زیدی آرٹ گیلری میں ضلع ساہیوال کے 24شہداء کے پوٹریٹس کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں پولیس کے شہداء کے ورثاء نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ،بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں محمد ساجد ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور معروف سماجی شخصیت شیخ اعجاز رضا بھی موجود تھے ۔انہو ں نے کہا کہ پولیس کا ہر سپاہی نوکری شروع کرنے سے پہلے ہی لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت کا حلف لیتا ہے اور نوکری کے آخری دن تک اس حلف کی پاسداری کرتا ہے ۔انہی شہداء کی قربانیو ں سے ہی معاشرے میں امن ہے اور پولیس فورس کی عزت ہے ۔ڈی پی او کپیٹن (ر) محمد علی ضیاء نے کہا کہ شہداء کو یاد کرنے کا مقصد اس عزم کی تجدید ہے کہ فورس کا ہر جوان ہر روز اپنی جان کی قربانی کے لئے تیار ہے۔ساہیوال پولیس اپنے شہداء کے لواحقین کے تمام مسائل کو حل کرنا اپنا اولین مقصد سمجھتی ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی شخصیت شیخ اعجاز رضا نے کہا کہ شہداء کی قربانیو ں سے ہی دہشت گردی کو شکست ہوئی اور ملک میں امن قائم ہوا جس سے شہریوں کے چہروں پر رونق دوبارہ لوٹ آئی ہے ۔بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں محمد ساجد نے اپنے ادارے میں شہداء کے بچوں کو تعلیمی وظائف دینے کا اعلان کیا ۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے ورثاء کو پولیس کی طرف سے گفٹ اور نقد امدادی رقم بھی دی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں