259

ساہیوال: ہزاروں سال پہلے ہڑپہ تہذیب نے دنیا کو رہن ،سہن اور سماجی روابط کی تعلیم دی.احسن وحید، سیکرٹری لائیو سٹاک.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)سیکرٹری لائیوسٹاک احسن وحید نے کہا ہے کہ میلے پنجا ب کی دھرتی کا حسن ہیں جن کی بدولت یہ خطہ ثقافتی اور تہذیبی لحاظ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے ،پنجاب میں ہزاروں سال پہلے ہڑپہ تہذیب نے دنیا کو رہن ،سہن اور سماجی روابط کی تعلیم دی جہاں میلوں ٹھیلوں کا انعقاد پنجاب کی صدیوں پرانی روایت ہے جسے زندہ رکھنے کے لئے ہارس اینڈ کیٹل شو اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے یہ بات سالانہ ہارس اینڈ کیٹل شو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ ،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ اور ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ثمرین کوثر ،اے ڈی سی ریونیو محمد نواز گوندل ،اے ڈی سی جی صادق فاروق اور سابقہ چیئر مین پی ایچ اے پیر احسان الحق ادریس اور شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز گھڑ ڈانس،ٹیبلو ،خاکوں،ملی نغموں سے ہوا جس کے بعد پنجاب کے نامور ٹیموں کے درمیان نیزہ بازی کے فائنل مقابلے ہوئے ۔اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے خصوصی سٹالز بھی لگائے گئے تھے جس میں جانوروں کی دیکھ بھال او ران سے زیادہ منافع لینے کے لئے عوام کو رہنمائی فراہمی کی جا رہی تھی ۔سیکرٹری لائیو سٹاک احسن وحید نے میلے کے انعقاد پرضلعی انتظامیہ کو مبارکباد دی او رکہا کہ اس سے تفریح کے ساتھ ساتھ عوام کو معلومات بھی فراہم ہوئی ہیں جن سے وہ لائیو سٹاک کی بہتر نگہداشت کر سکتے ہیں ۔انہو ں نے لائیوسٹاک ،پولیس اور دوسرے سرکاری اداروں کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی معلومات اور رہنمائی کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ایسے میلوں کے انعقاد سے تفریح کے ساتھ ساتھ عوام کو مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے رہنمائی بھی ملے گی ۔تقریب کے اختتام پر صوبائی سیکرٹری نے اعلی کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں