241

ساہیوال: کلین اینڈ گرین پنجاب مہم 18 سے 23 مارچ ڈویژن کی 294 یونین کونسلز میں بیک وقت چلائی جائے گی. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ صفائی مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور ہمیں اپنی انفرادی صفائی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ گلی محلے اور شہر کو بھی صاف ستھرا رکھنا چاہیے جس سے بہت سی بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت 18مارچ سے ہفتہ صفائی منا رہی ہے، جس میں تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی شرکت یقینی بنائیں. تا کہ صحتمند معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر تینو ں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، محمد زمان وٹو، مریم خان اور احمد کمال مان، ایڈیشنل کمشنر محمد زاہد اکرام اورڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان اور دوسرے محکموں کے ڈویژنل افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی صفائی مہم کی طرح اس سال بھی ڈویژن کی تمام شہری اور دیہی یونین کونسلز میں صفائی کی خصوصی مہم چلائی جائے گی جس میں سرکاری محکمو ں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی، تاجر نمائندوں اور صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہو ں نے متعلقہ ادارو ں پر زور دیا کہ وہ عوام میں صفائی خصوصا ہاتھوں کو صاف کرنے کے فوائد سے متعلق آگہی مہم چلائیں۔ انہو ں نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت جاری شجر کاری مہم زیادہ سے زیادہ پھل دار پودے لگانے کی بھی ہدایت کی او رکہا کہ پودوں کی حفاظت کا بھی میکنیزم تیار کیا جائے اور اس میں سول سوسائٹی کو شامل کیا جائے جس سے لگائے جانے والے پودوں کی نشورونما یقینی بنائے جا سکے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے ہفتہ صفائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 18سے 23مارچ تک جاری اس مہم کے دوران ساہیوال ڈویژن کی ایک میونسپل کارپوریشن،11میونسپل کمیٹیوں، 3 ضلع کونسلوں اور294 یونین کونسلوں میں بیک وقت صفائی مہم شروع کی جائے گی جس کے لئے آگہی سیمینار، مباحثے، واک، سکولوں میں تقریری مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر عوام کو شریک کرنے کے لئے بینرز، پمفلٹس اور دوسرے تشہیری ذرائع بھی استعمال کئے جائیں گے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کے دیئے گئے اہداف کے مطابق ہر میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹی کم از کم 1500اور ہر یونین کونسل کم از کم 250پودے لگائے گی اور ان کی حفاظت کا بھی میکنیزم تیار کرے گی، اس کے علاوہ کالجز، سکولوں، ہسپتالوں اور مراکز صحت پر بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں