252

ساہیوال: قدیم جم خانہ گراونڈ کی تعمیر نو میں تاخیر، فنڈ کی عدم دستیابی، کمشنر عارف انور بلوچ نے نوٹس لے لیا.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر عارف انور بلوچ نے جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہونے پر ناراضگی کا اظہار، گراؤنڈ جلد کھیلنے کے قابل بنایا جائے، گراؤنڈ میں پویلین کی تعمیر اور فلڈ لائٹ کے لئے در کار فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی حلقوں او رمیڈیا کی طرف سے شہر کے قدیم جم خانہ گراؤنڈ کی تعمیر نو کی وجہ سے ایک سال سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے التواء کی نشاندہی پر کمشنر عارف انور بلوچ نے سخت نوٹس لیا ہے اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد اور متعلقہ ٹھیکیدار کو دفتر طلب کر کے منصوبے کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ گراؤنڈ کو کھیلوں کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا جائے جبکہ پویلین کی تعمیر اور فلڈ لائٹنگ کی تنصیب فنڈز کی دستیابی کے ساتھ جاری رکھی جائے۔ انہوں نے فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سے رابطہ کیا اور انہیں منصوبے کے لئے ترجیحا فنڈز فراہم کرنے کو کہا تا کہ اسے مکمل کیا جا سکے۔ ڈی ایس او اکبر مراد نے بتایا کہ تاریخی جم خانہ گراؤنڈ میں نئے پویلین کی تعمیر، فلڈ لائٹس کے انتظام اور نئے گراؤنڈ کی تیاری کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 7کروڑ 47لاکھ روپے لگایا گیا تھا لیکن ابھی تک صرف 41لاکھ روپے کی گرانٹ ملی ہے جس سے نئے پویلین کا سٹریکچر بنایا جا سکا ہے جبکہ باقی تمام تعمیراتی کام التواء کا شکار ہونے کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بند ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں