310

ساہیوال: ضلعی انتظامیہ نے جشن بہاراں اور یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں مکمل کرلیں.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) ضلعی انتظامیہ نے جشن بہاراں اور یوم پاکستان بھر پور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں جو 23 سے 25 مارچ تک منایا جائے گا ۔پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کی ۔اجلاس میں اے ڈی سی آر محمد نواز گوندل،ڈپٹی مئیر ساجد نعیم ہیپی ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اظہر نقوی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر محمود دیوان کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تین روزہ اس پروگرام میں شہریوں کی تفریح کیلئے متعدد پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں جن میں ہارس اینڈ کیٹل شو،جانوروں کی خوبصورتی،زیادہ دودھ دینے والے جانوروں کا مقابلہ ،نیزہ بازی ،گھوڑ ڈانس،فینسی برڈز اور پیٹ شو ،آتش بازی ،سرکس ،فلاور شو ،کبڈی ،کرکٹ اور والی بال میچ سمیت دیگر کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ یوم پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب بھی مال منڈی گراؤنڈ میں ہو گی جس کے بعد مارچ پاسٹ اور پریڈ ہو گی جس میں مختلف محکمے حصہ لیں گے جب کہ پولیس بینڈ اپنے مخصوص انداز میں عوام کا لہو گرمائے گا۔نیزہ بازی کے مقابلے جشن کے تینوں روز جاری رہیں گے۔اسی حوالے سے موسیقی کا بھی ایک بہترین پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے جو ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقد ہو گا۔پروگرام کی اختتامی اورتقریب تقسیم انعامات میں وی وی آئی پیز کی شرکت بھی متوقع ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ہدایت کی کہ جشن بہاراں اور یوم پاکستان کی تقاریب میں عام شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضلعی محکمے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے اہم جگہوں پر چراغاں کے ساتھ ساتھ استقبالیہ بینرز بھی آویزاں کیے جائیں تا کہ آنیوالوں پر خوشگوار تاثر قائم ہو ۔ واضح رہے کہ 2008 ء کے بعد پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جشن بہاراں کاانعقاد کیا جا رہا ہے جسے شہر کے سماجی و عوامی حلقوں نے بے حد سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں