409

ساہیوال: ملک کی ترقی کا انحصار نئی نسل کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں مضمر ہے. ملک نعمان لنگڑیال.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کا انحصار نئی نسل کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں مضمر ہے اور موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے تا کہ ماضی میں نظر انداز کئے جانے والے ان شعبوں میں بہتری آئے اور عوام کو ریلیف ملے ۔پچھلے دس سال میں زراعت کو نظر انداز کرنے سے ملک کی 70فیصد آبادی معاشی بدحالی کا شکار ہوئی جس کی بہتری کے لئے تحریک انصاف کی حکومت دوررس اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہو ں نے یہ بات یونیورسٹی آف ساہیوال کے سالانہ کھیلوں کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر افضل ،ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی ،چیئر مین پی ایچ اے علی شکور خاں اور ڈائریکٹر کامسیٹ ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت کے علاوہ فکیلٹی اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے تعلیم اور صحت کو نظر انداز کر کے پورے پنجاب کا 500ارب روپے میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں پر خرچ کر دیا جس سے زراعت سمیت تمام شعبوں میں ترقی متاثر ہوئی ۔وزیر اعظم عمران خا ن نے ہمیشہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتماد کا اظہار کیا ہے اور حکومت کی تمام تر توجہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے پر ہے ۔صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ حکومتوں کی یہ ناکامی ہے کہ نئی نسل نے زرعی تعلیم میں دلچسپی نہیں لی جس سے زراعت کا شعبہ تنزلی کا شکار ہواجسے اب دور کر کے زرعی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا ۔انہو ں نے یونیورسٹی آف ساہیوال میں شعبہ زراعت کے قیام کے بعد ملت اینڈ میز فارم یوسف والا کو تحقیق کے لئے مختص کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔اس سے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر افضل خاں نے کہا کہ اگلے سال سے یونیورسٹی میں پانچ نئے شعبے قائم کئے جائیں گے جبکہ تین شعبوں میں پی ایچ ڈی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا جس سے یونیورسٹی میں تحقیق کو فروغ ملے گا۔انہو ں نے یقین ظاہر کیا کہ یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے اس کا شمار ملک کی چند بہترین یونیورسٹیوں میں کیا جائے گا جس کے لئے فکیلٹی ممبران بھر پور تعلیمی نتائج دینے کے لئے کوشاں رہے گے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیا ل نے سپورٹس ویک کے دوران مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو انعامات دیئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں