244

ساہیوال: دکھی انسانیت کی خدمت اور بیمار کو شفا دینے سے بہتر کوئی عمل نہیں. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور بیمار کو شفا دینے سے بہتر کوئی عمل نہیں ،حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے نہ صر ف ہسپتالوں کی تمام ضروریات پوری کر رہی ہے بلکہ طبی عملے کو اعزازیہ بھی دے رہی ہے تا کہ وہ زیاد ہ دلجمعی او ر محنت سے اپنے فرائض ادا کر سکیں ۔انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ہال میں صحت خدمت ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جولائی سے ستمبر 2017کے دوران بہترین کارکردگی پر 51ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے میں 51لاکھ94ہزا ر روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم اور تینوں اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے بھی شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ طبی عملے مشنری جذبے سے فرائض سر انجام دے تا کہ عام آدمی کو ریلیف ملے اور انہیں صحت عامہ کی تمام سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے موجودہ ملکی صورتحا ل کے پیش نظر ہسپتالوں اور طبی مراکز صحت پر ادویا ت کی دستیابی کو یقینی بنانے اور تمام چھٹیاں منسوخ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔تقریب میں پاک پتن کے سابقہ سی ای او ڈاکٹر سراج الدین شاد کو 5لاکھ 4ہزار روپے ،ڈی ایچ او اوکاڑہ ڈاکٹر مہر ارشاد احمد کو 3لاکھ روپے ،ایم ایس ڈی ایچ کیو اوکاڑہ ڈاکٹر محمد اسلم کو 4لاکھ 50ہزار روپے ،ایم ایس ٹی ایچ کیو چیچہ وطنی ڈاکٹر شاہد رسول کو 3لاکھ روپے ،گائنا کالوجسٹ ڈی ایچ کیو پاکپتن اور ڈاکٹر اسماء امتیاز کو 3لاکھ 36ہزار روپے کے انعامات کے علاوہ دوسرے عملے کو بھی انعامات دیئے گئے ۔اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم نے بتایا کہ محکمہ صحت کے تمام ہسپتالوں اور طبی مراکز پر حکومت کے مقررہ کردہ بنچ مارک کے مطابق جزا اور سزا کا عمل جاری ہے اور بہترین خدمات فراہم کرنے پر اضافی مراعات بھی دی جا رہی ہیں ۔انہو ں نے بتایا کہ ڈویژن کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اور کوئی مریض دوا سے محروم نہیں رہتا ۔موجودہ سرحدی صورتحال کے تناظر میں طبی عملے کی تمام چھٹیاں کینسل کر دی گئی ہیں اور ہسپتالوں میں ضروری اقدامات مکمل ہیں تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں