297

سیب کا سرکہ گھر میں بنائیں زہریلے اور مضر مادوں سے نجات پائیں

انتخاب: حکیم محمد طارق شاد

انسانی جسم میں وقت کے ساتھ زہریلے اور مضر صحت مادوں کا جمع ہوجانا قدرتی بات ہے اور انہیں نظر انداز کرنا جلد کی خارش سے لے کر کینسر جیسے امراض تک کا باعث بنتا ہے۔ جسم سے فاسد مادوں کے اخراج کے لئے سیب کے سرکے کا انتہائی کارگر اور آسان گھریلو نسخہ پیش خدمت ہے۔

اجزا :

پکے ہوئے سیب 5کلو گرام ، ابلا ہوا پانی ڈھائی( 2.50 ) کلو گرام ، شہد 250گرام

طریقہ:

سیبوں کو چھلکوں سمیت کدو کش کرکے باریک کرلیں۔ 10لٹر کی گنجائش والے برتن کا ایک چوتھائی حصہ ابلے ہوئے پانی کو ٹھنڈا کرکے بھر لیں۔ اس میں کدو کش کئے ہوئے سیب اور شہد ڈال دیں۔ برتن کا ڈھکنا بند کرکے اسے خوب اچھی طرح ہلائیں تاکہ سب کچھ مکس ہوجائے اور پھر اس کا ڈھکنا ڈھیلا کرکے ہوا اس کے اندر داخل ہونے دیں۔ اس آمیزے کو چالیس دن کیلئے اسی حالت میں رہنے دیں۔ جب سیب تہہ میں بیٹھ جائیں تو انہیں باریک کپڑے کے ذریعے مائع حصے سے علیحدہ کرلیں۔ چھانے گئے مائع کو مزید 40دن کیلئے برتن میں پڑا رہنے دیں اور اس کے بعد ایک دفعہ پھر چھان لیں۔ تخمیر کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور بہترین سیب کا سرکا تیار ہے جسے آپ بوتلوں میں ڈال کر محفوظ کرسکتے ہیں۔

یہ خاص سرکہ نا صرف جسم کو فاسد مادوں سے پاک کرتا ہے بلکہ دوران خون کو بہتر کرتا ہے اور جسم کو معدنیات اور وٹامن بھی فراہم کرتا ہے۔

سیب کے سرکے کے استعمال کے مختلف طریقے:

* ہر کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے سرکے کا ایک چمچ اور شہد کا ایک چمچ پانی کے ایک کپ کے ساتھ استعمال کریں۔

* گھر بھر کی صحت کے لیئے ایک چوتھائی کپ سرکہ، ایک چوتھائی کپ کارن آئل اور آدھا کپ شہد کو مکس کرکے سلاد پر چھڑک لیں ۔

* یا ہر روز صبح کے وقت ایک چمچ سرکے کو ایک کپ پانی کے ساتھ استعمال کریں ۔

* موٹاپے کو کم کرنے کے لئے ایک چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس پانی میں شامل کرکے روزانہ پی لیں سردیوں میں نیم گرم پانی میں بھی استعمال کر سکتے ھیں.

* پتے کی پتھری کے لیے ایک چمچ سیب کا سرکہ، ایک چمچ زیتون کا تیل، ایک چمچ شہد ایک گلاس پانی میں شامل کر کے روزانہ پی لیں.

* گردے کی پتھری کے لیے ایک چمچ سیب کا سرکہ، ایک چمچ شہد ایک گلاس پانی میں شامل کر کے روزانہ پی لیں

* دانتوں اور مسوڑوں کی تکلیف کے لئے ایک کپ پانی میں ایک چمچ سیب کا سرکا شامل کرکے اس سے کلیاں کریں یہ نہ صرف دانتوں کو صاف کرتا ہے بلکہ مسوڑوں کی سوجن کو کم کرتا ہے اور مسوڑوں سے خون آنے کو بھی ٹھیک کرتا ہے.

ان فوائد کے علاوہ بھی اس کے انسانی جسم کے لیے بے پناہ فوائد ہیں اور یہ انسانی جسم کو مدافعت بھی فراہم کرتا ہےاور جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج کرتا ہے. سیب کا سرکہ نہ صرف کولیسٹرول کم کرتا ھے بلکہ یورک ایسڈ بھی نارمل کرتا ھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں