289

عمران خان کا ڈرامہ…..(صابر بخاری)

تحریر: صابر بخاری

اراکین پنجاب اسمبلی کے اپنی تنخواہوں میں اضافے کے بل کو پاس کرنے کے حوالے سے جب سے پڑھا ہے تو بے اختیار تبدیلی سرکار کے دعووں پر “ہنسی” آئی,بلند و بانگ دعووں پر انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھ کر ابھی فارغ ہی ہوا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ داغ دیا جس میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی طرف سے تنخواہوں میں اضافے کے بل کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا.پہلے تو میں صرف اس اضافے پر افسوس کررہا تھا مگر اب تو میں اس ٹویٹ ڈرامہ پر لوٹ پوٹ ہوئے جا رہا ہوں.ایک “شودہ” وزیر اعلی جو باتھ روم جانے سے قبل بھی عمران خان سے اجازت کا طلبگار ہوتا ہے کیا وہ اتنا بڑا فیصلہ عمران خان کی مشاورت یا اجازت کے بغیر کرسکتا ہے?اگر واقعی عمران خان کو معلوم نہیں تھا تو پھر کس طرح وہ سوچ سکتے ہیں کہ انکی یہی ٹیم پنجاب میں تبدیلی لاسکے گی جو انکے پیٹھ پیچھے اپنے مفاد کیلئے کمربستہ ہے?اور کیا انہوں نے وزیراعلی یا کسی اور کی بازپرس یا کوئی نوٹس لیا?
اس سادگی پہ کون نہ مرجائے اے خدا
الیکٹیبلز اشرافیہ نے بھی خوب اس ملک کو باپ کی جاگیر سمجھ رکھا ہے. اس سسٹم پر بھی واری جانے کو دل کرتا ہے جس میں اراکین اسمبلی جو چاہیں اپنے لیے ایک بل کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں اور یہ بات تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہمارے اراکین اسمبلی کتنے ایماندار, اصول پرست ہیں?مجھے قوی یقین ہے کہ ایک بھی ممبر نے اس بل کیخلاف ووٹ نہیں دیا ہوگا.
ہمارے اراکین اسمبلی میں شاید ہی کوئی ممبر ہوگا جو لاکھ پتی یا ایک مربع کا مالک ہوگا,اکثر کروڑوں بلکہ اربوں پتی اور مربعوں زمین اور پراپرٹی ,بزنس اور بنک بیلنس کے مالک ہیں مگر چونکہ قوم کے پیسوں پر عیاشیوں, لوٹ مار اور خون چوسنے کی ایسی لت لگ چکی ہے کہ انہوں نے ہر حال میں سرکار کے خزانے پر ڈاکہ ڈالنا اپنا “حق”سمجھا ہوا ہے.
موصوف وزیراعلی کو ہمیشہ کیلئے لاہور میں گھر کی فراہمی پرحیران اور پریشان ہوں کہ جیسے موصوف کو قوم نے زبردستی منت سماجت کرکے اس عہدے پر فائز کیا ہو. بس یہی کہوں گا کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں