245

ساہیوال: ریونیو سے متعلقہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں. عارف انور بلوچ کمشنر.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا فوری حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنا انتظامی افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ ریونیو سے متعلقہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔انتظامی افسران سرکاری واجبات کی وصولی پر بھر پور توجہ دیں اور اپنی عدالتوں میں زیر سماعت ریونیو مقدمات کا جلد فیصلہ کریں جس سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ریونیو افسران کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز محمد زمان وٹو ،مریم خان اور احمد کمال مان کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں ٹیکسوں کی وصولی کا کل ہدف4ارب39کروڑ80لاکھ روپے ہے جس میں سے اب تک 2ارب 3کروڑ روپے وصول کئے جا چکے ہیں ان میں ضلع ساہیوال کے ٹارگٹ میں ایک ارب 42کروڑ 50لاکھ میں سے 68کروڑ15لاکھ ،ضلع اوکاڑہ کے ٹارگٹ ایک ارب 95کروڑ 76لاکھ میں سے 91کروڑ 35لاکھ اور ضلع پاکپتن کے ہدف ایک ارب 50کروڑ روپے میں سے 43کروڑ62لاکھ روپے وصول ہوئے ہیں۔کمشنر نے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ واجبات وصولی کا عمل تیز کیا جائے کیونکہ حکومت اسی آمدنی سے ترقیاتی پروگرام پر عمل کر کے عوام کو بنیادی شہری سہولیات مہیا کرتی ہے ۔انہوں نے ریونیو افسران کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کا جلد تصفیہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایک سال سے زیادہ زیر التواء مقدمات کا ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کیا جائے تا کہ عوام کو ریونیو سے متعلقہ بنیادی مسائل سے ریلیف مل سکے ۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عارف انور بلوچ نے تجاوزات کے خلاف مہم کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس مہم کو روزانہ کی بنیادی پر جاری رکھا جائے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز پر زور دیا کہ وہ اراضی ریکارڈ سنٹرز کا بھی مسلسل معائنہ کریں تاکہ عوامی شکایات فوری دور ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں