246

ساہیوال: تمام ادارے پاکستان سٹیزن پورٹل پر آنے والی عوامی شکایات کو فوری حل کریں.عارف انور بلوچ.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کو حل کرنا تمام سرکاری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ادارے پاکستان سٹیزن پورٹل پر آنے والی عوامی شکایات کو فوری حل کریں تا کہ عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کی حکومتی ہدایات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن محمد زاہد اکرام اور اے سی علی باجوہ کے علاوہ تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ انہو ں نے کہا کہ متعلقہ محکمے شکایات کے حل کی روزانہ کی بنیاد پر پراگریس لیں اور انہیں متعلقہ ٹائم فریم میں حل کریں تا کہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر محمد زاہد اکرام نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن سے 14984شکایات پاکستان سٹیزن پورٹل پر دی گئیں جن میں سے 9140 شکایات حل کر دی گئی ہیں جبکہ 5844 زیر التوا ہیں۔ اسی طرح آر پی او آفس میں پولیس سے متعلقہ 1339شکایات درج کی گئیں جن میں سے 574حل کر دی گئیں ہیں جبکہ 748زیر التواء ہیں۔ کمشنر عارف انور بلوچ نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ان شکایات کے حل میں ذاتی دلچسپی لیں اور پورٹل پر آنے والی شکایت پر فوری کارروائی شروع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں