282

چشتیاں: قوموں کی تقدیر کا دارومدار علم کے فروغ پر ہے۔ فاطمہ چیمہ راہنما تحریک انصاف جنوبی پنجاب.

چشتیاں(نثار احمد بھٹی سے)راہنما تحریک انصاف جنوبی پنجاب محترمہ فاطمہ چیمہ نے کہا ہے کہ قوموں کی تقدیر کا دارومدار علم کے فروغ پر ہے۔ تعلیم سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنا عظیم عمل ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں معجز فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایونٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معجز فاؤنڈیشن کے پروگرام منیجر اندرجیت سنگھ اروڑا، پروگرام منیجر برٹش کونسل عبدال مفتی۔ منیجر چائلڈ گلوبل نیٹ ورک علی مرزا، ریجنل منیجر رانا ظہورالحسن اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر میڈم شبانہ، ممبر ٹیکنوکریٹ ضلع کونسل ملک عبدالغفار اعوان، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری محمد شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محمدعارف اور محکمہ تعلیم کے افسران اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچے بچیوں کی تعلیم پرخصوصی توجہ دینی چاہئے۔ بچوں کو بہترین تعلیم سے آراستہ کریں گے تو کل ہمارا معاشرہ پڑھا لکھا ہوگا۔ معجز فاؤنڈیشن کی طرف سے پسماندہ علاقوں میں بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنا اور سکولوں میں داخل کرانا عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گود سے گور تک تعلیم حاصل کرنا چاہیے کیونکہ جو قومیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتی ہیں وہی ترقی کرتی ہیں اور تعلیم یافتہ قوم ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ آج کے اس دور میں نوجوان نسل کو تعلیم یافتہ بنا کر معاشرے کی اصلاح میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے۔ جو قومیں اپنے سرمایہ کی سمت درست کرلیتی ہیں۔ وہی زندہ رہتی ہیں۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی اچھی تربیت کرنا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ جس سے معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔ قبل ازیں پراجیکٹ کوآرڈینیٹر میڈم شبانہ نے بتایا کہ معجز فاؤنڈیشن نے علاقہ کی مختلف یونین کونسلز سے سال2018ء میں1700سے زائد ایسے بچوں کو سکول داخل کروایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں