303

ساہیوال: تعلیمی ادارے تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کو کھیلوں میں شرکت کا بھر پور موقع دیں. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کی تیز رفتارترقی کے لئے نوجوان نسل کی ذہنی اور جسمانی مضبوطی انتہائی ضروری ہے جس کے لئے کھیلیں اور ہم نصابی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں، تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کو کھیلوں میں شرکت کا بھر پور موقع دیں ۔انہو ں نے یہ بات ساہیوال میڈیکل کالج کے سپورٹس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مختلف کھیلوں میں شریک طلبا و طالبات کو انعامات دیئے گئے ۔تقریب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق ،سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشد قریشی ،ڈاکٹر نثار احمد ،ڈاکٹر رئیس عباس،ڈاکٹر اختر محبوب ،ڈاکٹر عمر اجمل اور ڈاکٹر ہارون گیلانی کے علاوہ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شاہد نذیر اور ڈائریکٹر فنانس محمد علیم نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز طلبا و طالبات کے مارچ پاسٹ سے ہواجس کو اتھلیٹ آف دی ایئر عبدالرافع نے لیڈ کیا ۔کمشنر عارف انور بلوچ نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی مدد کرنے والے ڈاکٹر بنیں تا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کے دکھوں میں کمی لائی جا سکے ۔انہو ں نے ساہیوال میڈیکل کالج کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیوں پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق اور فکیلٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مختصر عرصے میں کالج نے ہر شعبے میں جو کار ہائے نمایاں انجام دیئے ہیں وہ دوسرے تعلیمی اداروں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل نے بتایا کہ کالج کے طلبا و طالبات نے تعلیمی امتحان میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں جس کی بدولت کالج میں داخلوں کے میرٹ میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے جو کالج پر طلبا و طالبات او ران کے والدین کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہو ں نے بتایا کہ کالج میں فکیلٹی کی کمی کے باوجود معیاری تعلیم پر بھر پور توجہ دی گئی ہے اور طلبا و طالبات کی ذہنی ،جسمانی نشورونما کے لئے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں ۔اس سے پہلے تقریب کا آغاز کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ سے ہوا جس کے بعد مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے ،تقریب کا سب سے دلچسپ کھیل فکیلٹی او رطلبا کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ تھا جسے فکیلٹی نے زبردست مقابلے کے بعد جیت لیا ۔مقابلے میں فکیلٹی کی طرف سے کمشنر اور پرنسپل نے بھی شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں