253

ساہیوال: 70سال کی خرابیوں کو درست کرنے میں وقت درکار ہے. چوہدری محمد سرور، گورنر پنجاب.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وسائل کے بہتر استعمال سے ملکی معیشت میں بہتری کی کوششیں کر رہی ہے جس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے ،70سال کی خرابیوں کو درست کرنے میں وقت درکار ہے جس کے لئے عوام موجودہ حکومت کا ساتھ دیں اور اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کریں ،ساہیوال کی انتظامیہ نے برسوں سے غیر قانونی قابضین سے سینکڑوں ایکٹر قیمتی اراضی واگزار کر ائی جہاں عوامی فلاح کے منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔انہو ں نے یہ بات ایک نجی دورے کے دوران انتظامی افسران کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما میجر (ر) غلام سرور ،ضلع ساہیوال کے صدر رانا آفتاب احمد خاں اور انوارالحق رامے بھی موجود تھے ۔کمشنر نے بتایا کہ چک نمبر 13/11-Lمیں 700ایکٹر اور ساہیوال میں محکمہ انہار کا 350ایکٹر قیمتی زرعی رقبہ واگزار کر لیا گیا ،گورنر چوہدری محمد سرور نے افسران پر زور دیا کہ وہ اسے کسی بہتر مقصد کے لئے استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کریں ،گورنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ مساجد میں جا کر عوام سے ملیں اور ان کے مسائل حل کریں جس پر ڈی پی او کپیٹن (ر) محمد علی ضیاء نے بتایا کہ ساہیوال پولیس اس پالیسی پر پہلے سے ہی عمل پیرا ہے اور وہ خود اپنے دفترمیں روزانہ 12بجے عوامی شکایات سنتے ہیں جس کے لئے علیحدہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔کمشنر نے یقین دلایا کہ ڈویژن بھر کی انتظامیہ کے تمام افسر عوام کو جواب دہ ہیں اور ان کے دروازے عام آدمی کے لئے کھلے ہیں اور اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے ۔گورنر نے انتظامی افسران کے مابین بہترین رابطے کو سراہا اور عوامی مسائل حل کرنے کی طرف اہم قدم قرار دیا ۔بعد ازاں گورنر چوہدری محمد سرور تحریک انصاف کے مقامی رہنما چوہدری بابر صغیر کی رہائش گاہ گئے اور ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر چوہدری صغیر انجم او ر دوسرے مقامی رہنما بھی موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں