238

ساہیوال: نوجوانوں میں کھیلوں کو فروغ دے کر صحت مند اور توانا قوم کا خواب شرمند ہ تعبیر کیا جا سکتا ہے. ملک نعمان احمد لنگڑیال.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کو فروغ دے کر صحت مند اور توانا قوم کا خواب شرمند ہ تعبیر کیا جا سکتا ہے اور موجودہ حکومت سکولوں اور کالجوں میں تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک نئی جامع پالیسی ترتیب دے رہی ہے تا کہ ہمارے میدان آباد ہوں اور نوجوان نسل بڑھ چڑھ کر مختلف کھیلوں میں اپنے ٹیلنٹ کو منوا سکیں۔ پاکستان کا وزیر اعظم بھی ایک کھلاڑی ہے اور اسے کھیلوں کے فوائد سے کما حقہ آگاہی ہے اور وہ نئی نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال بورڈ کے تحت سالانہ کھیلوں کی انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئر مین ساہیوال بورڈ ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب ،کنٹرولر ڈاکٹر حافظ فدا حسین اور ڈائریکٹر سپورٹس فیاض سلیمی کے علاوہ چیئر مین پی ایچ اے چوہدری علی شکو ر،ڈپٹی میئر ساہیوال ساجد نعیم ہیپی ،سابق نائب ضلع ناظم محمد طفیل لنگڑیال اور شیخ محمد چوہان کے علاوہ اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے ہسپتال ویران ہوتے ہیں اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے والی نسل تیار ہوتی ہے جس کی ملک کو اشد ضرورت ہے ،سکول کی سطح پر کھیلوں میں حصہ لئے بغیر بچوں کو متوازن شخصیت بنانا ممکن نہیں اس لئے تعلیمی اداروں کے سربراہ بچوں میں کھیلوں کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لیں۔تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ تمام کھیلوں کے فروغ پر یکساں توجہ دی جائے اور دستیاب سہولیات میں اضافہ ہو تا کہ زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات ان کھیلوں میں شرکت کرسکیں ۔انہو ں نے بورڈ کی کامیابیوں پر چیئر مین ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب کے مثبت کردار کو سراہا اور مسائل کے حل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں چیئر مین ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب نے بتایا کہ بورڈ نے امتحانات کی شفافیت کی یقینی بنانے اور طلبا وطالبات کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے تمام سسٹم کو آن لائن کر دیا ہے اور اب کسی کو بھی سروسز کے حصول کے لئے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ۔بورڈ سے پاس ہونے والے طلبا و طالبات کو ان کی اسناد بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری کی جا رہی ہیں اور اب تک 2لاکھ سے زائد اسناد جاری کی جا چکی ہیں جبکہ 2017کی اسناد تیاری کے مراحل میں ہیں ۔انہو ں نے بورڈ کی نئی بلڈنگ کے جلد سنگ بنیاد کی یقین دہانی کرائی جس کی ڈائزنگز کی تیاری آخری مراحل میں ہے ۔تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر حافظ فدا حسین نے بتایا کہ امتحانات سے بوٹی مافیہ کے خاتمے کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں او رہر سطح پر امتحانی عملے کی تربیت پر زور دیا گیاہے جبکہ دوران امتحان میں چیکنگ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔تقریب میں مختلف کھیلوں میں پوزیشن ہولڈرسکولز اور کالجز کی 65ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے ،سب سے زیادہ انعامات ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کی ٹیموں نے حاصل کئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں