253

ساہیوال: کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے. عارف انور بلوچ. کمشنر.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کو مکئی کے معیاری بیج کی فراہمی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنا رہی ہے جس سے کسانوں کو اپنی فصلوں کا پورا معاوضہ مل سکے گا،بیج فراہم کرنے والی ملٹی نیشنل اور لوکل کمپنیوں کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے انتظامی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے ۔انہو ں نے یہ بات اپنے دفتر میں مکئی کا بیج فروخت کرنے والی ملٹی نیشنل اور لوکل کمپنیوں کے نمائندوں اور محکمہ زراعت کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ساہیوال ڈویژن میں مکئی کے کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی میں در پیش مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن مکئی کی پیداوار میں ملک کا اہم خطہ ہے اور زیادہ تر زمیندار مکئی کی دو فصلیں حاصل کرتے ہیں جن کو زیادہ پیداوار کے ساتھ بہتر منافع حاصل کرنے کے لئے قیمتوں کو سختی سے مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی کو نا جائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2018میں پورے ملک میں مکئی کی کاشت 12لاکھ29ہزار ہیکٹر پر کی گئی جس سے 5207میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی جس میں پنجاب کا حصہ 30فیصد ہے ،کمشنر عارف انور بلوچ نے مقامی کمپنیوں پر زور دیا کہ مکئی کی نئی وارائٹیز کو تیز ی سے رواج دیں تا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں پر انحصار کم ہو ،اجلاس میں مقامی کمپنیوں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی کمپنیاں مکئی کے بیج کا 40فیصد تیار کر رہی ہے جن کو بڑھانے کے لئے حکومت بلا سودقرضے دے تا کہ ریسرچ میں مدد مل سکے اور کسانوں کو سستے اور معیاری بیج فراہم کئے جا سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں