275

ساہیوال: لائیو سٹاک سیکٹرپاکستا ن کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے. عارف انور بلوچ ، کمشنر.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک سیکٹرپاکستا ن کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کی ترقی کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کو اپنی تمام سروسز کو بریڈرز تک پہنچانا چاہیے، مویشی پال حضرات کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے تا کہ وہ اپنے جانوروں کی مناسب دیکھ بھال کر کے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فارمر ڈے کے موقع پرسول ویٹرنری ڈسپنسری محمد پور کے دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام مصطفٰی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساہیوال ڈویژن، ڈاکٹر ثمرین کوثر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اور ڈاکٹر شفاقت علی ڈپٹی ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اسامہ انچارج سول ویٹرنری ڈسپنسری محمد پور نے ڈسپنسری میں مویشی پال حضرات کو مہیا کی جانے والی ویٹرنری سروسز کے بارے میں بتایا ۔کمشنر نے مویشی پال حضرات کو اُن کی دہلیز پر مہیا کی جانے والی مفت ویٹرنری سروسز کو سراہااور زور دیا کہ تمام جانوروں کی ویکسی نیشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔کمشنر عارف انور بلوچ نے ویٹرنری ڈسپنسری میں پودا لگا کرگرین پاکستان پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام مصطفی نے بتایا کہ لائیو سٹاک ساہیوال ڈویژن کے تمام ہسپتالوں میں پودے لگا کر سرسبزو شاداب پاکستان کا خواب پورا کرے گا۔بعد ازاں کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ نے ٹھٹھہ ساہی موضع محمد پور میں منعقدہ فارمر ڈے میں شرکت کی ۔ مویشی پال حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ نے کہا کہ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کے کامل پیر بنیں اور محکمہ لائیو سٹاک کی فراہم کردہ مفت ویٹرنری سروسز سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں۔ ڈاکٹر ثمرین کوثر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں اس مہم کے دوران ضلع بھر کے تمام کسانوں کی دہلیز پر جا کراُن کے جانوروں کو مفت ٹیکے لگائیں گی اور مزید یہ کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی یہ مہم اقوام متحدہ کے ادارہ خوارک و زراعت کے تعاون سے جاری ہے ۔کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے موبائل ٹریننگ سکول بس کا بھی معائنہ کیا اور کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر منہ کھر بیماری کی ڈاکومنٹری دیکھی۔ اس موقع پر انچارج ٹریننگ بس ڈاکٹر اُسامہ حسن نے بتایا کہ موبائل ٹریننگ سکول بس فارمرز کی آگاہی کے لیے دیہاتوں میں ٹریننگ سیشن منعقد کر تی رہتی ہے تاکہ ہماراکسان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں