238

ساہیوال: ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے ساہیوال کی خوبصورتی کے منصوبے مکمل کریں گے. محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے اشتراک سے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسمنٹ پروگرام کے تحت ساہیوال میں پارکس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پینے کے صاف پانی کی سپلائی اور نکاسی آب کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں گی جس سے ناصرف شہر کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا بلکہ کاروباری عمل اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی جس سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پنجاب انٹر میڈایٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹر قیصر سلیم ،ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے عظمی الطاف، جینڈر اسپیشلسٹ شازیہ شاہد اور انوائرمنٹ اسپیشلسٹ صفیہ شفیق،سوشل سیف گارڈ اسپیشلسٹ اشفاق کھوکھر اور نیسپاک کنسلٹنٹس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔ پراجیکٹ آفیسر ایشیائی ترقیاتی بنک عمر علی شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ ساہیوال کے باسیوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ انفراسٹریکچر، شہری سہولیات اور محفوظ اآب و ہوا اور ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے منصوبہ کیلئے تقریبا 350 ملین ڈالر کی لاگت سے پنجاب کے شہروں میں بہتری کے لئے سرمایہ کاری منصوبہ متعارف کروایا ہے اور پنجاب کے شہروں کی بہتری کے لئے سرمایہ کاری منصوبہ ساہیوال ضلع کی ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ سینئر پراجیکٹ آفیسر ایشیائی ترقیاتی بنک میاں شوکت شفیع نے بتایا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلہ میں مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے کہا کہ مجوزہ شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے لئے مشینری جلد خرید لی جائے گی اور شہروں کی ضروریات کے مطابق کوڑا کرکٹ تلف کرنے کا محفوظ نظام اور پارکس کے لئے محفوظ انفرا سٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے پروگرام ڈائریکٹر قیصر سلیم نے اس منصوبے کو ساہیوال اور سیالکوٹ کی ترقی میں ایشیائی ترقیاتی بنک کا ایک اہم پراجیکٹ قرار دیا جبکہ ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دینے کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں