264

ساہیوال: نوجوانوں کو وقت کی ضرورت کے مطابق تعلیم دی جائے. عارف انور بلوچ نے کامسیٹ یونیورسٹی کے جاب فیئر کا افتتاح کردیا.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے اعلی تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ نوجوان نسل کو ایسی تعلیم فراہم کی جائے جس سے وہ باآسانی روز گار حاصل کر سکیں اور انہیں موجودہ دور کے تقاضوں اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق تعلیم مل سکے۔ تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط کرکے نوجوانوں کو جدید تعلیم فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات کامسیٹ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس میں دوسرے سالانہ جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 70سے زائد ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں جن میں زیادہ تر کا تعلق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ سے ہے۔ تقریب میں کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت، ساہیوال چیمبر کے صدر راشد حمید چوہدری، ڈپٹی رجسٹرار صفدر علی اور الائیڈ بنک کے ریجنل ہیڈ رانا محمد ندیم کے علاوہ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر نے کامسیٹ یونیورسٹی کی کامیابیو ں کو سراہا اور کہا کہ جدید دورکے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی سے ہی بے روز گاری کا خاتمہ ممکن ہے اور اس سلسلے میں صنعت کاروں اور تعلیمی اداروں کو اپنے باہمی روابط کو مضبوط کرنا چاہیے۔ کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے بتایا کہ جاب فیئر کا مقصد طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کے مطابق ان کے روز گار کو یقینی بنانا اور انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ کار کو بہتر بنانا ہے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ کامسیٹ یونیورسٹی میں 43ہزار طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں جس کا ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں پاکستان میں پہلا اور ایشیا میں 170واں نمبر ہے جسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ کامسیٹ اپنے طلبا و طالبات کو تعلیم کے سا تھ ساتھ ایسی تربیت کا بھی اہتمام کر تا ہے جس سے وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے ای روز گار سنٹر میں نوجوانوں کی تربیت کے اقدام کو بھی سراہا جس سے وہ گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے خود روز گار پیدا کر سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساہیوال چیمبر کے صدر راشد حمید چوہدری نے جاب فیئر کے انعقاد پر کامسیٹ یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور چیمبر کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے پہلے کمشنر عارف انور بلوچ نے جاب فیئر کا افتتاح کیا جہاں کمپنیاں اپنے سٹالز کے ذریعے طلبا و طالبات کے انٹرویو کریں گی اور انہیں موقع پر ہی روز گار فراہم کریں گی۔ کمشنر نے اپنے دورے کو یادگار کے طور پرکیمپس لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں