234

ساہیوال: ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ضلع کچہری میں بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کردیا.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تا کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر ملکی خوشحالی کیلئے کام کریں اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ضلع کچہری میں بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فسیلیٹیشن سنٹر کے چیئر مین میاں بابر صغیر، عمران علی غزالی ،ملک عمر فاروق ،شیخ محمد عمر اور خالد سلطان گوگا کے علاوہ ساہیوال چیمبر کے اراکین اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف فراہم کیے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے تاجر برادری کی خدمات اور اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہر مشکل وقت میں انہوں نے حکومت کا بھر پور ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کو ٹیکس فری زون بنانے کیلئے 200 ایکڑ پر مشتمل زمین الاٹ کر دی گئی ہے جہاں بہت جلد سمال اسٹیٹ انڈسٹری کے قیام کی شروعات کر دی جائیں گی جہاں پورے ملک سے تاجروں کو اپنا کاروبار کرنے کی دعوت دی جائے گی ۔اس سے قبل اپنے خطبہ استقبالیہ میں فسیلیٹیشن سنٹر کے چیئر مین میاں بابر صغیرنے سنٹر کے قیام کو بزنس کمیونٹی کی رفاہ کیلئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کی کاوشوں کو سراہا اور ضلعی حکومت کی طرف سے 2 سو ایکٹر زمین کی الاٹمنٹ کو ساہیوال کی تعمیر و ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں