287

ساہیوال: وکلاء عوام کو سستا اور جلد انصاف کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں. عارف انور بلوچ کمشنر

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انو ربلوچ نے کہا ہے کہ وکلاء عوام کو سستا اور جلد انصاف کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ، حقدار کو حق دلانا صدقہ ہے جس کے لئے وکلاء برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ظالم کے خلاف مظلوم کا ساتھ دیں ۔انتظامیہ وکلاء کو در پیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں عارف والا بار کونسل کے صدر ظفر اقبال بھٹی اور جنرل سیکرٹری بشیر عامر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے بار عہدیداران کے مطالبے پر عارف والا کے وکلاء کے چیمبرز کے لئے متصل 12کنال زمین مختص کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انتظامیہ اراضی کی فراہمی کا کیس بورڈ آف ریونیو کو اسی ہفتے بھجوا دے گی تا کہ وکلاء کا دیرینہ مسئلہ حل ہو ۔عارف والا بار کے صدر ظفر اقبال بھٹی نے بتایا کہ تحصیل بار کے وکلاء کی تعداد 6سو سے زائد ہوچکی ہے اور ان میں ساڑھے تین سو وکلاء اپنے چیمبرز سے محروم ہیں جن سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہو ں نے 12کنال قیمتی جگہ کی فراہمی کی یقین دہانی پر کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وکلاء اور انتظامیہ کا باہمی تعاو ن مزید بہتر ہو گا جس سے عام آدمی کو انصاف کی جلد فراہمی میں بڑی مدد ملے گی۔کمشنر عارف انور بلوچ نے عارف والا بار کے مثبت رویے کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اضافی اراضی کی فراہمی سے نوجوان وکلاء کا چیمبرز کی تعمیر کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں