285

ساہیوال: ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے، سانس لینےاور صحت مند فضا کے لیے درخت لگانا ضروری ہے. محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ )ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور سانس لینے کے لئے صحت مند فضا کے لئے درخت بنیادی اہمیت کے حامل ہیں اور ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا ایک درخت لگائے ، موسم بہار کی شجر کاری مہم میں ضلع ساہیوال میں ریکارڈ شجرکاری کی جائے گی جس کے لئے تمام محکمے تیاری مکمل کر لیں ۔8فروری کو پورے ملک کی طرح ساہیوال میں بھی شجرکاری کا’ پاکستان ڈے‘ منایا جائے گا جس دن خصوصی تقاریب منعقد کر کے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا جائے گا ۔انہو ں نے یہ بات اپنے دفتر میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاداور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ موسم برسات 2018کی شجر کاری مہم کے دوران ضلع بھر میں 7لاکھ پودے لگائے گئے جن میں سے 80فیصد پودوں کی کامیابی سے بڑھوتری ہو رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں محکمہ اریگیشن کو بھر پور شرکت کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہروں کے کنارے درختوں کی محکمہ اریگیشن کو منتقلی سے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوچکی ہے کہ وہ ان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ تمام نہروں پر بھر پور شجر کاری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ضلع کے تمام سرکاری دفاتر کو نہری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تا کہ لگائے گئے درختوں کو مناسب نہری پانی فراہم ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ درخت لگانا معاشرے کے ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کے لئے خصوصی آگہی مہم بھی چلائی جائے گی اور تمام بڑے شہروں اور قصبات میں بینرز ،سٹیمرز اور پمفلٹس کے ذریعے عوام کو درخت لگانے کی ترغیب دی جائے گی ۔انہو ں نے شجر کاری مہم میں غیر سرکاری تنظیموں اور نجی اداروں کو بھی شریک کرنے اور انہیں پودوں کا ٹارگٹ دینے کی ہدایت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں