252

ساہیوال: نوجوان نسل کو مثبت سوچ کا حامل بنانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے. ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب، چیئرمین ساہیوال بورڈ.

ساہیوال (خصوصی روپورٹ )ساہیوال بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور نوجوان نسل کو مثبت سوچ کا حامل بنانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لئے اعلی اخلاقی معیار قائم کریں اور بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی بھر پور توجہ دیں ۔انہو ں نے یہ بات کپس کیمپس میں پوزیشن ہولڈز طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں زونل ہیڈ ساجد بٹ اور کیمپس انچارج ابرار نواز کے علاوہ سابق ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر تعلقات عامہ میاں محمد عقیل اور بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں محمد ساجد کے علاوہ اساتذہ ،والدین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب میں کپس کیمپس کی طالبہ ارفع طاہر کو ساہیوال بورڈ میں تیسری پوزیشن اور ماذ بن طاہرکو انٹری ٹیسٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ایواڈز اور انعامات دیئے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب نے کہا کہ اساتذہ اور والدین نوجوان نسل کو اعلی نمبروں کے حصول میں اپنی ذہنی صلاحیتوں کو ضائع کرنے کی بجائے انہیں تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد دیں تا کہ وہ اپنی بھر پور استعداد کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ اچھے تعلیمی اداروں کے بغیر تربیت یافتہ نسل کا حصول ممکن نہیں جس کے لئے نجی شعبے کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کپس کیمپس ساہیوال کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ادارے کو ساہیوال کے طلبا و طالبات کا ملنے والا اعتماد برقرار رکھا جائے گا ۔اس سے پہلے زونل ہیڈ ساجد بٹ نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات ملک کے تمام پروفیشنل اداروں میں زیر تعلیم ہیں جو اعزاز کی بات ہے ۔تقریب کے اختتام پر اساتذہ میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں