217

ساہیوال: عوامی مسائل کے حل میں کسی بھی محکمے کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. محمد زمان وٹو،ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی محکمے کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سول ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ، تمام ضلعی محکموں کے سربراہان ،صحافیوں اور عوامی حلقوں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے دروازے عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں لیکن جن کی رسائی وہاں تک بھی نہیں ،ان کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد ضروری ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیا ء نے عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات کو بغور سنا اور موقع پر احکامات جاری کیے ۔لیبر کالونی کے رہائشی مزدورمحمد ابراہیم کی بھیڑ بکریاں چوری ہونے کی شکایت پر ڈی پی او نے متعلقہ تھانے کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جبکہ 89/6-R کے رہائشیوں کی ایک نجی ہاوسنگ سکیم میں سہولیات کے فقدان کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ضلع کونسل کے افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ۔آفیسر کالونی فرید ٹاؤن کے قبرستان میں ناجائز تجاوزات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں ہٹانے کا بھی حکم دیا ۔واضح رہے کہ شکایات کے حل اور عوام اور حکومت میں رابطے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر صوبے بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو تواتر کے ساتھ جاری رہے گا ۔ہر جمعے کو کھلی کچہری منعقد کی جائے گی جہاں تمام محکموں کے افسران اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے تا کہ موقع پر شکایات کا تدراک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں