243

ساہیوال: پنجاب حکومت روان سال ساہیوال ڈویژن میں 3 ارب 27 کروڑ کی لاگت سے 226 سکیمیں مکمل کررہی ہے. عارف انور بلوچ ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 226سکیموں کو مکمل کر رہی ہے جن پر مالی سال2018-19میں 3ارب 27کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جن کا تعلق تعلیم ،صحت ،سٹرکوں کی تعمیر اور نکاسی آب سے ہے ۔ان سکیموں کی تکمیل سے دور درراز علاقوں میں مقیم افراد کو بہتر شہری سہولیات میسر آئیں گی اور ان کے معیار زندگی میں اضافہ ہو گا ۔متعلقہ محکمے ان سکیموں پر کام کی رفتار تیز کریں اور معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں تا کہ سرکاری وسائل کاضائع نہ ہوں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران خان کے علاوہ متعلقہ شعبوں کے ڈویژنل افسران اور ضلعی افسران نے شرکت کی ۔انہو ں نے تمام سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو سکیموں کی تکمیل میں حائل مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایت کی ۔انہو ں نے قائد اعظم کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں معیار کی شکایت کا سخت نوٹس لیا اور اسے فوری دورکرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں محکمہ تعلیم کی 10،ہیلتھ کی 8،روڈز کی 53،بلڈنگز کی 61اور پبلک ہیلتھ کی 101سکیموں پر کام جاری ہے جن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیول کی اپ گریڈیشن اور نئے بلاک کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے جس پر ایک ارب 49کروڑ روپے لاگت آئے گی ،نئے بلاک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے تا کہ سنٹرلی ایئر کنڈیشنگ کی وجہ سے فنگشنل نہیں ہو سکا ۔اس کے علاوہ پرزن سٹاف کالج کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے جس پر 61کروڑ28لاکھ روپے خرچ ہونگے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیم کے تحت ڈویژن بھر میں 436سکولوں اور 768کلاس رومز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس پر ایک ارب 85کروڑ روپے لاگت آئے ہے اس منصوبے کے تحت ضلع ساہیوال میں 136سکولوں اور 226کلاس رومز ،ضلع اوکاڑہ میں 146سکولوں اور 268کلاس رومز اور ضلع پاکپتن میں 154سکولوں اور 274کلاس رومز کی تعمیر مکمل کی گئی ۔محکمہ ہائی وے کے تحت ساہیوال میں جھال روڈ پر تیسرے اوور ہیڈ برج کا منصوبہ منظور کر لیا گیا ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 58کروڑ65لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ ساہیوال بائی پاس کے پہلے مرحلے میں سرور چوک سے کچی پکی تک سڑک تعمیر کی جارہی ہے ،اس طرح کمپری ہنسو سکول سے مائی والی مسجد تک سڑک کی تعمیر بھی جاری ہے تاہم فنڈز کی مزید فراہمی سے سڑک کی تعمیر مکمل ہو گی ۔کمشنر عارف انو ربلوچ نے اوکاڑہ سے دیپالپور چوک فلائی اوور میں بجلی کے پولز کی شفٹنگ میں تاخیر کا بھی نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ اس معاملے کو فوری حل کرایا جائے۔اجلاس کے بعد کمشنر عارف انور بلوچ نے قائد اعظم سٹیڈیم اور ساہیوال بائی پاس کے تعمیر اتی کام کا جائزہ لینے کے لئے دونوں جگہوں کا دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کو کام کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں