212

ساہیوال. مصنوعی مہنگائی کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی. عارف انور بلوچ کمشنر

ساہیوال( )کمشنر ساہیوال ڈویژن عار ف انور بلوچ نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی اور اشیاء صرف کو مقررہ قیمتوں سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور تمام اشیاء صرف خصوصا سبزیاں،پھل ،گوشت ،دودھ اور ڈیری مصنوعات کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد زمان وٹو ،احمد کمال مان ،مریم خان اور اے سی ریونیو کاشف ڈوگر نے شرکت کی ۔انہوں نے قیمتوں کی چیکنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں اور بڑی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں اور دیہات میں بھی پرائس چیکنگ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈویژن کی تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں بولی کے وقت متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا اس کے نمائندے کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔کمشنر عارف انور بلوچ نے دود ھ اور ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ کی شکایات کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے فوڈ اتھارٹیز کو فوری کارروائی کرنے اور ڈپٹی کمشنرز کو سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں نومبر کے مہینے میں 5724پرائس چیکنگ کے لئے چھاپے مارے گئے جن میں سے 1260افراد کو 11لاکھ66ہزار روپے جرمانہ کیا گیاجن میں ضلع ساہیوال کے365افراد کو 4لاکھ14ہزار روپے ،ضلع اوکاڑہ کے480افراد کو 3لاکھ81ہزار اور ضلع پاکپتن کے 415افراد کو 3لاکھ 70ہزار روپے شامل ہیں۔کمشنر عارف انور بلوچ نے ڈویژن کے تمام چھوٹے قصبات میں صفائی اور تجاوزات کی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور چھوٹے قصبات میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے اور تجاوزات کو ختم کیا جائے تا کہ عوام کو در پیش مشکلات دور ہوسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں