552

ساہیوال. خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا وہ حصہ ہیں جنہیں توجہ ،عزت اور خصوصی نگرانی کی ضرورت ہے ۔شاہد صادق ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی اینڈ ایف

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)ساہیوال آرٹس کونسل اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن ساہیوال کے اشتراک سے خصوصی بچوں کے عالمی دن کے مناظر میں آرٹس کونسل ہال میں تقریب منعقد ہوئی ۔اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی اینڈ ایف شاہد صادق ،سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی تھے ۔اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض ہمدانی اور ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن چوہدری جاوید اقبال نے اد ا کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد صادق نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں ہر محروم طبقے کو سماجی طور پر ترقی دینی ہے تا کہ پورا معاشرہ باہم توازن کے ساتھ ابھر سکے ۔خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا وہ حصہ ہیں جنہیں توجہ ،عزت اور خصوصی نگرانی کی ضرورت ہے ۔ہمیں اپنے خصوصی بچوں کی تربیت اور تعلیم کے لئے مزید وسائل پیدا کرنے ہونگے تا کہ یہ بچے معاشرے کا مفید اور کار آمد حصہ بن سکیں ۔سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے ضروری اقدامات کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ معاشرہ خصوصی بچوں اور افراد بارے آگاہ ہے ،خصوصی بچوں کی پرفارمنسز اتنی معیاری اور منفرد ہیں کہ ان کی ذات میں کسی قسم کی کمی دکھائی نہیں دیتی۔انہوں نے پروگرام کے منظم اور خوبصورت انعقاد پر منتظمین پروگرام کو مبارکباد دی۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا وقت کی ضرورت ہے اس حوالے سے ہمیں معاشرتی بے حسی کی بجائے سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرن ہو گا ،ہمارے رویوں میں موجود گونگا پن اور اندھا پن ہمارے نسل کو تباہ کر دے گا لہذا ہمیں ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہو گا ۔چوہدری جاوید اقبال نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ساہیوال میں زیادہ تر ادارے کرایے کی عمارت میں ہیں اور ان کے پاس وسائل کی کمی ہے اس کے باوجود ہمارے ادارے اور اساتذہ پوری محنت اور لگن کے ساتھ بچو ں کو پڑھا رہے ہیں ۔تقریب میں سپیشل بچوں ،اساتذہ اور سماجی حلقوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں