243

ساہیوال: نوجوان نسل کو چاہیے کہ اپنے مشاہیر کی زندگیوں سے سبق سیکھیں اور محنت کو شعاربنائیں. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا راز قائد اعظم محمد علی جناح کے زیریں اصولوں پر عمل کرنے میں ہی مضمر ہے اور ہمیں چاہیے کہ ان کی زندگی سے سبق سیکھتے ہوئے اپنے کام دیانت داری اور خلوص نیت سے ادا کریں ۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ اپنے مشاہیر کی زندگیوں سے سبق سیکھیں اور محنت کو شعار بنا کر ملک کے مستقبل کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج میں یوم قائد اعظم کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اساتذہ اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں کالج کے طلبا و طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کئے جنہیں بے حد سراہا گیا اور انگلش اردو میں تقریر کر کے قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اپنے خطاب میں کمشنر عارف انو ر بلوچ نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں اور تمام تر توجہ تعلیم کے حصول کے لئے وقف کریں تاکہ ان پر ملک معاشرے اور اپنے والدین کا جو قرض ہے وہ ادا ہوسکے، انہوں نے مزید کہا کہ یقین، نظم و ضبط، بے لوث لگن کے ساتھ دنیا کی کوئی ایسی چیز نہیں جو آپ حاصل نہیں کر سکتے، علم تلوار سے بھی زیادہ طاقتور ہے ا س لئے ہم سب کا فرض ہے کہ علم کو زیادہ سے زیادہ اپنے ملک میں بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی نوجوان نسل کی اچھی تربیت میں ہی مضمر ہے جس پر سب سے زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔ تقریب میں طلبا و طالبات نے قائد اعظم کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالنے کے لئے تقاریر بھی کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں