219

پاکپتن: نشہ ایک معاشرتی مسئلہ ہے جو معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے. سردار محمد عمران ڈوگر پرنسپل گورنمنٹ ہائی اسکول کلیانہ

پاکپتن(حیدر علی شہزاد سے ) نشہ ایک معاشرتی مسئلہ ہے جو معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ان خیالات کا اظہار سردار محمد عمران ڈوگر پرنسپل گورنمنٹ ہائی اسکول کلیانہ نے سکول میں نشہ کے خلاف انجمن فلاح مریضان وڈسٹرکٹ اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر حکیم لطف اللہ سیکرٹری جنرل پاکستان سوشل ایسوسی ایشن وڈسٹرکٹ اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایک فرد کے نشہ کا شکار ہونے سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے ۔ تمباکونوشی جو تمام نشوں کی ابتداء ہے اور جس سے سالانہ ساٹھ لاکھ افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں، اندھاپن دل کی بیماریاں اور اس سے انسانی صحت کو کئی قسم کے نقصانات ہوتے ہیں۔

جنرل سیکرٹری انجمن فلاح مریضاں ڈاکٹر شاہد مرتضیٰ چشتی نے کہا کہ صرف تمباکونوشی کے سبب ہر چھ سیکند بعد ایک جان اس دنیا سے چلی جاتی ہے یہ جانتے بوجھتے ہوئے بھی اگر ہم اس عادت میں مبتلا ہوں تو پھر ہم کہاں سے اشرف المخلوقات ہوئے۔انہوں نے مذید کہا کہ تمباکو نوشی 13سے زائد اقسام کے کینسر زکا باعث بنتی ہے اس عفریت سے معاشرے کو پاک کرنے کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے کی ضرورت ہے نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچا کررکھنا ہوگا اور اس کیلئے ورزش کھیل کودفارغ اوقات کومثبت سرگرمیوں میں صرف کرنا ہوگا۔ صدر پریس کلب پاکپتن و صدرانجمن فلاح مریضاں وقار فرید جگنو نے کہاکہ تعلیمی اداروں پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی بالکل ختم ہونی چاہیے اور جنسی بے راہ روی چھوٹے بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر طلباء میں شعور کو پیدا کرنیکی کاوشیں جاری رکھنی ہوں گی۔طالب علم اور اساتذہ معاشرہ میں نشہ کا کاروبار کرنے والے ناسوروں کی نشاندہی کریں تاکہ مل کر ان کوراہ راست پر لانے کی کوششیں کی جاسکیں۔اس موقع پراساتذہ کرام، طلباء، ممتاز سیاسی وسماجی کارکن پوپی خان اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں