206

ساہیوال: عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات آگے آئیں اور اپنا دینی و ملی فریضہ ادا کریں۔چوہدری محمد سرور، گورنر پنجاب.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات آگے آئیں اور اپنا دینی و ملی فریضہ ادا کریں۔سرور فاؤنڈیشن غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے جن سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں اور اس کی فلاحی سرگرمیوں دوسروں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے یہ بات رائے علی نواز ہسپتال چیچہ وطنی میں ہسپتال کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی.

جس میں تحریک انصاف کے مرکزی راہنما رائے حسن نواز، ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال، چیئر مین ایڈوائزری کمیٹی چوہدری امجد ظفر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہسپتال ڈاکٹر عامر بشیر، پی آر او آصف محمود، مینجر اکاؤنٹس نوید اسلم اورممبران شیخ عبدالغنی، شیخ عابد محمود، رائے محمد اجمل خان، چیئر مین بلدیہ چیچہ وطنی سجاد حید ر شاہ اور راؤ محمد اسلم خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہسپتال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور مستحق افراد کے فری علاج کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہسپتال سے ملحقہ میڈیکل کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا تا کہ پورے علاقے کو فائدہ پہنچ سکے۔ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر بشیر نے بتایا کہ ہسپتال کی او پی ڈی میں ہر ماہ 9سے10ہزار مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے جس کے لئے وسائل کا تمام انحصار سرور فاؤنڈیشن اور مخیر حضرات کی مالی امداد پر ہے ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ہسپتال کے جاری اخراجات اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لئے فوری طور پر 54لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور ہسپتال کی تعمیر و توسیع کے لئے مارچ میں ساہیوال میں چیرٹی ڈنر کے انعقا د کی ہدایت کی تا کہ توسیعی منصوبے کو بر وقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سرور فاؤنڈیشن عوام کی زندگیوں میں بہترلانے کے لئے 4بڑے منصوبوں پر عمل پیرا ہے جن میں 110واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے، پنجاب کی تمام جیلوں میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے، جیلوں میں بند قیدیوں کے جرمانوں کی ادائیگی کے بعد ان کی رہائی اور قیدی خواتین کو ہنر مند بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بڑھتی ہوئی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اضافی وسائل بھی حاصل کریں جن میں جدید لیبارٹریز کا قیام اور توسیعی منصوبے بھی شامل ہیں ۔ایڈوائزری کمیٹی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخیر حضرات عوام کی فلاح و بہبود پر بڑھ چڑھ کر خر چ کر رہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں ایسے منصوبوں سے آگہی د ی جائے جس سے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سب سے بڑی توجہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کے سماجی حالات میں بہتری لانا ہے تا کہ ملک میں غربت کی شرح کم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں