285

ساہیوال: قیمتی وسائل کے ضیاع کو روکنا معاشرے کے ہرفرد کی بنیادی ذمہ داری ہے. عارف انور بلوچ،کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عار ف انور بلوچ نے کہا ہے کہ قیمتی وسائل کے ضیاع کو روکنا معاشرے کے ہر افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومتی اداروں کو چاہیے کہ وہ ملکی وسائل کے بہتر استعمال کے شعور کے لئے عوام کی رہنمائی اور تربیت بھی کریں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کیٹل مارکیٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں کمپنی کے ایم ڈی احمد علی ،چیف فنانشل آفیسر جاویداقبال،مینجر آپریشن عابد محمود کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان ،اور بورڈ ممبران پروفیسر قمرا لزمان خان ،ڈاکٹر انور حسین،چوہدری ارشد حسین ،ڈاکٹر محمود گورسی اور شیخ اعجاز احمد رضا نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کیٹل مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران کمپنی کی آمدنی کا تخمینہ 4کروڑروپے جبکہ اخراجات ساڑھے 3کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور کمپنی پورے ڈویژن میں 11کیٹل مارکیٹوں کا انتظام سنبھال رہی ہے ۔چیچہ وطنی کی ماڈل منڈی تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور جنوری کے آخر میں منڈی کو نئی جگہ منتقل کر دیا جائے گا جس سے لائیوسٹاک فارمرز اور آڑہتیوں کو جانوروں کی خریدوفروخت میں آسانی ہوگی اور انہیں منڈی میں تمام جدید سہولیات دستیاب ہونگی۔کمشنر عارف انور بلوچ نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہا اور ایم ڈی احمد علی پر زور دیا کہ وہ اضافی وسائل کے لئے اقدامات اٹھائیں تا کہ منڈیوں میں مزید سہولیات فراہم ہو سکیں۔انہوں نے ساہیوال کی منڈی کو بہتر اور کھلی جگہ منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔کمشنر نے چیچہ وطنی کی ماڈل مارکیٹ کے تعمیراتی کام کے معیار کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے بورڈ کے ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی اور عارف والا کی زیر تعمیر ماڈل مارکیٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں مختلف منڈیوں کے لئے حاصل کی گئی زمین کی لیز زمیں بھی توسیع کی منظوری دی گئی اور کمیٹی کے آڈٹ کے لئے نئے آڈیٹر جنرل کے تقرر کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کمپنی کے سالانہ اجلاس عام میں ممبران کی عدم شرکت پر کمشنر عارف انور بلوچ نے گہری ناراضگی کا اظہار کیا اور مستقبل میں تمام ممبران کو اجلاس کی بروقت اطلاع کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں