225

ساہیوال. تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران اب تک ضلع بھر میں 11686کنال اراضی قابضین سے واپس کرالی ہے. محمد زمان وٹو ڈپٹی کمشنر

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور معاشرے کے فعال طبقات کا تعاون حاصل کیا جا رہاہے۔جاری مہم میں اب تک11686کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 5ارب 60کروڑ روپے سے زائد ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر میئر ساہیوال سردار اسد خان بلوچ،اے ڈی سی آر محمد نواز گوندل،اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی عابد کلیار سمیت سول سوسائٹی ،ممبران اسمبلی کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر شروع کی گئی اس مہم کو زور و شور سے جاری رکھا ہوا ہے اور مطلوبہ نتائج کے حصول تک یہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی ۔انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران اب تک ضلع بھر میں 11686کنال اراضی قابضین سے واپس کرالی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو5ارب 60کروڑ روپے سے زائد ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل ساہیوال میں 1911کنال اور تحصیل چیچہ وطنی میں 9775کنال قیمتی اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ عارضی تجاوزات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام کو در پیش مشکلات کم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی قیمتی املاک پر ناجائز قابضین کے قبضوں کو بھی ختم کروانا ہے اور اسے بلا تمیز جاری رکھا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں