244

ساہیوال: سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی.محمد زمان وٹو،ڈپٹی کمشنر

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی اور علم کی طاقت سے دہشت گردی اور جہالت کے اندھیروں کے خاتمے کا جو آغاز ہوا ہے وہ بہت جلد منطقی انجام تک پہنچ جائے گا ۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے یادگار ساہیوال میں سانحہ پشاور کی چوتھی برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں مئیر ساہیوال اسد علی خان بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی قائدین چوہدری علی شکور،رانا آفتاب اور شیخ محمد چوہان ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان اور اقلیتی برادری کے رہنما دلبر جانی کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران ،طلبا ء و طالبات ،سول سوسائٹی ،صحافیوں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کا لہو بھی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شامل ہے او ر پوری قوم اس اندوہناک سانحے کو فراموش نہ کرتے ہوئے ابھی تک سوگ کی کیفیت میں ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ اس واقعے نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف ایک تاریخ ساز وحت کو جنم دیا کیونکہ سکول کے بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے جرات اور بہادری کی ایک ایسی تاریخ رقم کی جس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔انہوں نے شہداء کے والدین کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔تقریب سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور اپنے اپنے انداز میں شہدائے پشاور کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب میں شہید بچوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور اجتماعی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں