213

ساہیوال. ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں. عارف انور بلوچ، کمشنر ساہیوال

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انو ر بلوچ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تا کہ حکومت کے وژن کے مطابق غریب مریضوں کو علاج معالجے کی بہترسہولت میسر آ سکے ۔ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی دستیابی بھی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو فائد ہ پہنچایا جائے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد نذیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے نئے ایم ایس کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضروری انتظامی اقدامات سے ہی ہسپتال میں سروس ڈیلوری کے معیار کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جس کے لئے انہیں انتظامیہ کی بھر پور مدد فراہم کی جائے گی۔ایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر نے کمشنر کو یقین دلایا کہ مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی اب اولین ترجیح ہو گی اور وسائل کی لیکیج کو روک کر زیادہ سے زیادہ غریب مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے ہسپتال کو ڈویژن کا بہتر ہسپتال بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا جس کے لئے کمشنر عارف انور بلوچ نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔کمشنر نے مریضوں کی شکایات کو فوری حل کرنے اور ڈائلسز سنٹر میں انتظامی امور کوبہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں