228

ساہیوال: حضرت عیسیؑ نے انسانیت کی بھلائی اور معاشرے سے نا انصافی کے خاتمے کا درس دیا ہے. محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر

ساہیوال (خصوصی رپورٹ )ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حضرت عیسیؑ نے انسانیت کی بھلائی اور معاشرے سے نا انصافی کے خاتمے کا درس دیا ہے جو موجودہ حالات میں بھی قابل تقلید ہے ۔مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کیا خصوصا تعلیم و صحت کے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں ۔انہوں نے یہ بات جناح ہال میں تیسرے سالانہ کرسمس میلہ کے موقع پر کرسمس کیک کاٹ کر تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کے علاوہ مختلف چرچز کے پادری حضرات اور مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔تقریب میں مسیحی خاندانوں میں کرسمس گفٹ بھی تقسیم کئے گئے تا کہ غریب گھرانوں کو بھی کرسمس کی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کرسمس میلے کے انعقاد پر میلے کے آرگنائزر اور مسیحی رہنما ولسن رضا کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کرسمس کے مبارک موقع پراپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی میں انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ 22دسمبر سے ساہیوال اور چیچہ وطنی میں کرسمس بازار بھی لگائے جا ر ہے ہیں جہاں مسیحی برادری اشیاء صرف سستے داموں خرید سکتی ہیں ۔ولسن رضا نے بتایا کہ میلے میں شریک200مستحق مسیحی خاندانوں میں راشن پیک ،100خواتین میں سوٹ پیک اور 100بچوں میں جرسیاں بھی تقسیم کی گئیں تا کہ غریب خاندان بھی کرسمس کی خوشیاں منا سکیں۔میلے میں مذہبی گیت بھی گائے گئے اور مختلف مسیحی تعلیمی اداروں کے بچوں نے حضرت عیسیؑ کی پیدائش کے حوالے سے خاکے اور ٹیبلو بھی پیش کئے جبکہ معروف نابینا گلوکاروں امانت ساز اور صدف سحر اور طبلہ نواز جمی خان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں