217

ساہیوال. پنجاب لوک سجاگ نے بجٹ سازی کے مراحل پر مشتمل ضلع ساہیوال کی سروے رپورٹ پیش کردی.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) پنجاب لوک سجاگ نے بجٹ سازی کے مراحل پر مشتمل ضلع ساہیوال کی سروے رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب سی پی ڈی آئی کے تعاون سے بنائے گئے سیٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبیلٹی کے تحت منعقد کی گئی جو بجٹ سازی کے عمل میں اصلاحات لانے اور جوابدہی کو فروغ دینے کیلئے پنجاب بھر کے 35اضلاع میں 22 سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ تقریب میں ضلعی حکومت، ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کارپوریشن کے نمائندوں کے علاوہ سول سوسائٹی آرگنائزیشن ، طلبہ ، خواتین اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ سروے رپورٹ پر بات کرتے ہوئے پنجاب لوک سجاگ کی نمائندہ الویرا راشد نے بتایا کہ رواں سال بھی بجٹ سازی میں عوامی شمولیت کا عنصر مایوس کن رہا۔ اگرچہ ضلع ساہوال کا بجٹ کال لیٹربروقت جاری کر دیاگیا تھا تاہم اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاروت نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ مقامی حکومت نے پری بجٹ سٹیٹمنٹ بھی جاری نہیں جبکہ بجٹ رولز2017 کے مطابق اس دستاویز کا جاری کیا جانا ضروری ہے تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی رائے شامل کی جاسکے ۔
الویرا راشد نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال معلومات تک رسائی کے حق اور معلومات کی از خود فراہمی میں بھی ناکام رہا ہے۔ ضلعی حکومت نے عوامی خیالات حاصل کرنے کے لیے نہ تو ٹیکس تجاویز شائع کیں اور نہ ہی سیٹزن بجٹ تیار کیا۔ علاہ ازیں ضلع ساہیوال کی ویب سائٹ بھی فعال نہیں ہے۔ بجٹ سازی میں شفافیت کوفروغ دینے کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی کا کہنا تھا کہ بجٹ سازی میں شہریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ ایکس ڈی او بجٹ خالد محمود نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا پہلا ڈرافٹ اپریل میں پیش کیا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کی تجاویز کو بروقت شامل کیا جاسکے۔ ڈویژنل ڈائریکٹر چوہدری محمد اسلم نے کہا کہ ہر سرکاری ادارے میں فنانس آفیسر تعینات ہونا چاہیے تاکہ بجٹ سازی کا عمل بروقت شروع ہو سکے۔ فرزانہ عباس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ بجٹ کسی بھی حکومت کی اہم ترین دستاویز ہوتی ہے موجودہ ترقی یافتہ دور میں حکومتی پالیسیاں عوامی شرکت سے ترتیب دی جاتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مقامی ترقیاتی ایجنڈے کو بہتر بنانے کیلئے اس بجٹ پر شہریوں،سماجی تنظیموں اور میڈیا کے لوگوں کیساتھ بحث و مباحثہ کیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں