232

ساہیوال: زراعت ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے. محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر.

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ زراعت ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور کسانوں کو سہولتیں فراہم کیے بغیر خوشحالی و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں ضلعی ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری امتیاز علی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلیم نثار ،کسان اتحاد کے عہدیداران کیپٹن(ر)محمد حسین ٹی جے ،زرعی ادویات بنانے والی کمپنیوں کے ڈیلرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت نے کئی منصوبے شروع کیے ہیں لیکن محکمہ زراعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان منصوبوں کے ثمرات چھوٹے کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے اپنا بنیادی کردار ادا کرے تا کہ خوشحالی اور ترقی کا عمل نیچے سے اوپر کی طرف ہوسکے ۔اجلاس میں بتایا گیا محکمہ زراعت نے کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر رکھا ہے جسے 47 فیصد تک مکمل کر لیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور کسان نمائندوں کو اس عمل میں شامل کیا جائے تا کہ ضلع بھر کے کاشتکاروں کو جلد سے جلد رجسٹرڈ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ صرف رجسٹرڈ کاشتکار ہی حکومت کی طرف سے مہیا کردہ سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے لہٰذا کسان اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔رجسٹریشن کے عمل میں دفترلینڈ ریکارڈ میں کسانوں کیلئے سہولتوں کے فقدان پر انہوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پررجسٹریشن کاوئنٹر قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری امتیاز علی نے اجلاس کو بتایا کہ پانچ ایکڑ تک کے چھوٹے کاشتکاروں کو حکومت کی طرف سے بلا سود قرضوں کا اجرا یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ کچن گارڈنگ کو فروغ دینے کیلئے آٹھ مختلف سبزیوں کا آرگینک بیج بھی رعایتی قیمت پر مہیا کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں آئندہ فروری میں ہونیوالی شجر کاری مہم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے گذشتہ شجرکاری مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پودے لگانے کے بعد ان کی مناسب دیکھ بھال بھی بنیادی اہمیت کی حامل ہے تا کہ انہیں پروان چڑھا کر ان سے مستفید ہو ا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں