215

ساہیوال: مذہبی رواداری اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر کے ملک کو جدید فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے. عارف انور بلوچ، کمشنر.

ساہیوال(خصوصی روپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی پاکستانی معاشرے میں باہمی رواداری اور بھائی چارے کی غماز ہے جسے مزید فروغ دے کر ملک دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں مذہبی رواداری اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو جدید فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے جس کا خواب قائد اعظم نے دیکھا تھا انہوں نے یہ بات گاسپل چرچ میں کرسمس تقریبات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، آر پی او شارق کمال صدیقی، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ، چرچ کونسل آف ساہیوال کے چئیرمین ابراہام ڈینئیل عظیم ، اتحاد بین المسلمین کے سیکرٹری جنرل شیخ اعجاز احمد رضااور پادری پیٹر عمران بھی موجود تھے۔ انۃوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی خصوصا صحت و تعلیم کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تحریک پاکستان میں بھی مسیحیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیاجسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ چرچ کونسل کے چےئر مین ابراہام ڈینئیل عظیم نے کمشنر عارف انور بلوچ کو اپنی فیملی کے ہمراہ کرسمس تقریبات میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقلیتوں کی مذہبی رسومات میں مسلمان بھائیوں کی اس امر کی غماز ہے کہ معاشرے میں باہمی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ مل رہا ہے جو قابل تحسین ہے تقریب میں کرسمس کیک بھی کاٹا گیااور بچوں نے ولیم اکرام ڈینئیل کی سربراہی میں مذہبی گیت بھی پیش کئے جبکہ مہمانوں کو چرچ کی طرف سے تحائف بھی دئیے گئے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کو ایک دوسرے کی مذہبی تقریبات میں شرکت کرنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ اس سے باہمی محبت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو سمجھنے میں بھی بڑی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی قائم کرنے کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ باہم تضاد ملک دشمنوں کا ٹارگٹ ہے جسے تمام افراد کو متحد ہو کر ناکامیاب بنانا ہے. تقریب سے آر پی او شارق کمال صدیقی، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء اور شیخ اعجاز رضا نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں