331

31 دسمبر کے بعدایسے تمام ووٹ غیر موثر تصور ہوں گے جوشناختی کارڈ کے پتہ کے مطابق درج نہیں ہوں گے.

ساہیوال(خصوصی رپورٹ )ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ساہیوال زاہد سبحانی نے کہا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017کے سیکشن 27کے تحت ووٹ کا اندراج اب صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جا سکتا ہے ۔سرکاری ملازمین یا اہل خانہ اپنا اندراج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پر کروا سکتے ہیں جہاں ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی ہو ، ایسے افراد جن کا اندراج کسی دیگر پتہ پر درج ہے وہ 31دسمبر تک اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق اپنا اندراج کروالیں ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ،ا س موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر حماد گیلانی اور الیکشن آفیسر محمد شفیق چوہدری بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے فارم نمبر 21الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر یا ویب سائٹ سے حاصل کئے جا سکتے ہیں اور فارم پر کر کے بمعہ شناختی کارڈ کی کاپی متعلقہ دفتر رجسٹریشن یا ضلعی دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فارم 21درخواست گزار خود جمع کروائے گا بصورت دیگر اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد ،والدہ ،خاوند،بیوی ،بیٹے یا دختر بھی جمع کروایا جا سکتا ہے ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ 31دسمبر کے بعد ایسے تمام رائے دہندگان جن کا اندراج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق نہیں ہو گا ایسے تمام ووٹ غیر موثر تصور ہونگے اور الیکشنز ایکٹ 2017کے سیکشنز 37،40اور الیکشن رولز 41کی روشنی میں شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر منتقل کر دیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات ضلعی دفاتر یا اپناشناختی کارڈ نمبر8300پر ایس ایم ایس کر کے حاصل کر سکتے ہیں اور 31دسمبر تک اپنی خواہش کے مطابق اپنے ووٹ کا اندراج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں