250

کسی قسم کے دباؤ سے ماوراہو کر مکمل غیر جانبداری سے تمام پختہ تجاوزات کو ختم کیا جائے. عارف انور بلوچ کمشنر ساہیوال

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور حکومت کے وژن کے مطابق ’’صاف ستھرا پنجاب پروگرام ‘‘پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔پورے ڈویژن کے شہروں میں تجاوزات کے خلاف مہم شروع کی جائے اور کسی قسم کے دباؤ سے ماوراہو کر مکمل غیر جانبداری سے تمام پختہ تجاوزات کو ختم کیا جائے ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد زمان وٹو ،مریم خان اور احمد کمال مان ،ڈی جی پی ایچ اے خالد منظور ،ڈی ایف او ساہیوال ملک وسیم سجاد اور اے سی جی سرمد تیمور کے علاوہ تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے میونسپل کمیٹیوں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شہروں میں اکٹھا ہونے والا تمام کوڑا اٹھانے کو یقینی بنایا جائے جس کے لئے کرائے پربھی گاڑیاں حاصل کی جائیں ۔انہوں نے اربن ایریاز میں تجاوز ات کے خلاف مہم کو فورا شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام پختہ تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے شہر کے کمرشل ایریاز اور ڈی پی ایس روڈ پر گندگی کے ڈھیروں کی موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور فوری طور پر رکھے گئے کنٹینر ز سے کوڑا اٹھانے کی ہدایت کی ۔کمشنر عارف انور بلوچ نے اضلاع کی انتظامیہ کو فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی تا کہ سموگ کے خطرے کو کم کیا جاسکے ۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے صاف ستھرا پنجاب کے پروگرام کے تحت اب تک ہونے والی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں ڈی سی ساہیوال محمد زمان وٹو نے بتایا کہ ضلعی بھر میں 5250ٹن کوڑا اٹھایا جا چکا ہے جبکہ 10885کنال قیمتی زرعی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی جا چکی ہے جس کی مالیت 4ارب روپے سے زائد ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہر کو صاف ستھرا اور مزید خوبصورت بنانے کے لئے سول سو سائٹی کے تعاون سے منعقدمتعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کے تعاون سے تمام خالی جگہوں پر شجر کاری بھی کی گئی ہے ۔کمشنر عار ف انور بلوچ نے شہر کی اہم عمارتوں کی بیرونی دیواروں پر خوبصورت پینٹگز کروانے کی بھی ہدایت کی جس کے لئے فائن آرٹس کے مقامی طلبا وطالبات کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں