268

بڑے بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے. کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوا ل ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے جن کے خلاف جاری مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔بجلی کی تقسیم کارکمپنیاں بڑے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں جس کے لئے انتظامیہ او رپولیس مکمل تعاون جاری رکھے گی ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں کہی جس میں بجلی چوروں کے خلاف مہم کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں آر پی او شارق کمال صدیقی، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد زمان وٹو، مریم خان اور احمد کمال مان، ایس ای میپکو ساہیوال نور حسن ڈوگر اور ایس ای لیسکو اوکاڑہ اللہ یار خان بھی موجود تھے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ بڑے بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور بڑے اداروں، کارخانوں او صنعتی کنکشنوں کو ترجیحی بنیادوں پر چیک کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او شارق کمال صدیقی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کی تربیت پر زور دیا اور کہا کہ پراسیکیوشن اور پولیس کے طریقہ کار کے حوالے سے تربیتی ورکشاپس منعقد کرائی جائیں گی تا کہ مقدمات کی درست پیروی ہو اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کو سزا مل سکے۔ انہو ں نے تمام چھاپوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے اور ہر کیس کی نوعیت کے حساب سے مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی تا کہ تفتیش کا عمل بہتر ہو سکے۔ اجلاس میں مہم کی اب تک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر عارف انور بلوچ نے ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف قومی مہم میں تمام متعلقہ محکمے یکسوئی سے کارروائی کریں تا کہ مثبت نتائج سامنے آئیں اور بجلی چوری کی روک تھام ممکن ہو ۔انہو ں نے الیکٹرسٹی کمیٹیوں میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی جو لوگوں کو بجلی چوری کے مختلف طریقے بتاتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں