237

حضور ﷺ نے امن ،رواداری او رپوری انسانیت کے لئے بھائی چارے کا درس دیا. محمد زمان وٹو ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی ولادت با سعادت تمام امت مسلمہ کے لئے باعث سعادت ہے جنہو ں نے اپنی تعلیمات میں امن ،رواداری او رپوری انسانیت کے لئے بھائی چارے کا درس دیا اور ہمیں انہیں اصولوں کی پیروی کی تلقین کی ۔تمام مکاتب فکر کے علماء نے مذہبی ہم آہنگی اور شر پسندوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا جو دوسروں کے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ،میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلو چ ،اسسٹنٹ کمشنر ز اور علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس سے علماء کرام حاجی احسان الحق ادریس ،قاری بشیر احمد ،قاری عابد علی ،محمد حسن معصومی اور اتحاد بین المسلمین کے جنرل سیکرٹری شیخ اعجاز احمد رضا ،انجمن تاجر ان کے صدر حاجی عبدالطیف اور ڈسٹرکٹ بار کے سابق نائب صدر آغا محمد رضا ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا اور اتحاد بین المسلمین کے ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء باہمی یک جہتی کی مثالی فضا کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں گے ۔شیخ اعجاز احمد رضا نے کہا کہ حضورﷺ سب کے ہیں اور سب کے لئے ہیں جنہوں نے انسانیت کو فلاح اور محبت کا درس دیا ۔انہوں نے شر پسند عناصر کی طرف سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے یقین دلایا کہ ساہیوال پولیس میلاد کے تمام جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے گا ۔انہو ں نے ساہیوال کے علماء کی باہمی محبت کو دوسروں کے لئے مشعل راہ قرار دیا ۔میئر ساہیوا ل سردار اسد علی خان بلوچ نے یقین دلایا کہ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کی تمام سڑکوں اور گلیوں کو صاف رکھا جائے گا اور ماضی کی طرح بلدیہ ملازمین میلاد کے جلوسوں کے تمام روٹس پر خصوصی توجہ مرکوزرکھیں گے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے یقین دلایا کہ متعلقہ محکمے اپنے ذمے تفویض تمام کاموں کو دلجمعی اور حضورﷺ کی محبت کے اظہار کے طور پر کریں گے تا کہ میلاد کی بابرکت تقریبات بہترین انداز سے پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں