454

محدود وسائل کے باوجود اعلی طبی و تعلیمی معیا ر قائم کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے.ڈاکٹر محمد طارق پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل فراہم کر رہی ہے جس سے غریب عوام کو بہتر طبی سہولیات مل رہی ہیں جنہیں مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں نئے میڈیکل بلاک کی تعمیر مکمل ہونے سے پورے علاقے کے مریضوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہو ں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے دوران کہی۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد طارق، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم اور ایس سی بلڈنگ ساجد رشید بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہو ں نے ایمرجنسی، ای این ٹی، آرتھو پیڈک اور او پی ڈی وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہو ں نے ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ جانفشانی اور دلجمعی سے مریضوں کی خدمت کریں تا کہ غریب مریضوں کی جلد صحتیابی ممکن ہو سکے۔ انہو ں نے ہسپتال کے نئے تعمیر ہونے والے بلاک کے لئے فنڈز کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور یقین دلایا کہ بلاک کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کے لئے اضافی فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دورے کے دوران انہو ں نے ایمرجنسی میں کربلا روڈ سے آئے ہوئے ایک مریض محمد عمران سے وہاں دی گئی طبی سہولیات کے بارے میں پوچھا، کالج پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں روزانہ چودہ سے پندرہ سو مریضوں کو چیک کیا جاتاہے جبکہ ڈیرھ ہزار مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ بعد میں کمشنر عارف انور بلوچ نے ساہیوال میڈیکل کالج کا دورہ کی، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے کالج پرنسپل نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود اعلی طبی و تعلیمی معیا ر قائم کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے جس میں ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ میں آڈیالوجی سیکشن کا قیام، کلر سی ٹی سکین کی سہولت اور قیوم ہسپتال میں ہیپا ٹائٹس کلینک کا اجراء شامل ہیں۔ انہو ں نے کالج میں پروفیسرز کی کمی کو فوری دور کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کمشنر نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو فوری طور پر محکمہ صحت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں