266

صاف اور سرسبز پنجاب کے تحت صفائی اور تجاوزات کے خلاف مہم زور و شور سے جاری ہے. محمد زمان وٹؤ ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال(خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ صاف اور سرسبز پنجاب کے تحت صفائی اور تجاوزات کے خلاف مہم زور و شور سے جاری ہے،مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور معاشرے کے فعال طبقات کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہاہے ۔یہ بات انہو ں نے مہم کی کارروائیوں کا جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔انہو ں نے دیہاتوں کی صفائی کا جائزہ لینے کے لئے مختلف سرکاری افسران کی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت کی، سی ای او ہیلتھ کو سینیٹری انسپکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو سیکرٹری یونین کونسل کی یونین کونسلز میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیہاتوں کی صفائی کے لئے وہ رہائشیوں کی کونسلنگ کریں اور خلاف ورزی کرنے والے کو نوٹس جاری کریں۔ انہو ں نے کہا کہ اب تک ضلع بھر میں 11573 کنال اراضی قابضین سے واپس کرالی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 5 ارب 51 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ تحصیل ساہیوال میں 1911 کنال اور تحصیل چیچہ وطنی میں 9711 کنال قیمتی اراضی واگزار کرائی گئی اور عارضی تجاوزات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر شروع کی گئی اس مہم کو زور و شور سے جاری رکھا ہوا ہے اور مطلوبہ نتائج کے حصول تک یہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں