256

ساہیوال میں یونیورسٹی کا قیام خطے میں اعلی تعلیم کے فروغ میں ایک نئی صبح کا آغاز ہے.پروفیسر محمد ناصر افضل

ساہیوال(خصوصی رپورٹ )یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر پروفیسر محمد ناصر افضل نے کہا ہے کہ ساہیوال میں یونیورسٹی کا قیام خطے میں اعلی تعلیم کے فروغ میں ایک نئی صبح کا آغاز ہے اور بہت جلد اس کا شمار ملک کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہو گا۔ یونیورسٹی آف ساہیوال میں تحقیق کا فروغ اولین ترجیح ہے جس کے لئے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بات ڈیپارٹمنٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ایوننگ سیشن کی طرف سے نئے آنے والے طلبا وطالبات کے لئے ہونے والی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر شاہدہ، ڈاکٹر وارث علی، پروفیسر محمد منیر، پروفیسر ریاض حسین، میڈیم نتاشا اور اسسٹنٹ کنٹرولر سید غلام علی اصغر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کی ترقی میں ڈاکٹر شاہدہ کے کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ شعبہ ملک کو بہترین بزنس مینجرز فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور ہیومن ریسورس کے باوجود یونیورسٹی میں تحقیق کا عمل شروع کیا گیا ہے یہی اچھی یونیورسٹیوں کی پہچان ہے۔ انہوں نے طلبا وطالبات کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بھر پور شرکت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں صحت مند ذہن کی آبیاری کے لئے کلیدی کردارکی حامل ہوتی ہیں اور یونیورسٹی ان کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی۔ تقریب میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبا وطالبات نے تفریحی خاکے بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں