241

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30نومبر مقرر کر دی ہے. شعبان بھٹی،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ساہیوال

ساہیوال(خصوصی رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30نومبر مقرر کر دی ہے تا کہ صنعت کار اور تاجر مقررہ مدت کے دوران گوشوارے جمع کروا کر حکومت کی طرف سے فائلرز کو دی جانے والی مراعات سے مستفید ہو سکیں- یہ بات چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ساہیوال شعبان بھٹی نے ایک پریس ریلیز میں بتائی- انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے گوشوارے جمع کروانے کے لئے ٹیکس آفس میں خصوصی انتظامات کئے ہیں جہاں گوشوارے جمع کرانے والے بغیر کسی پریشانی کے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کروا سکتے ہیں- انہوں نے بتایا کہ عوام کو گوشوارے جمع کروانے پر حکومت نے متعدد مراعات کا اعلان کیا ہے جس میں نان فائلرکے مقابلے میں ود ہولڈنگ ٹیکس کی آدھی ادائیگی، کسی بھی مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کی خریداری، درآمد ات پر ٹیکس کی شرح میں کمی، بنکوں کی سیونگ سکیمز کے منافع پر 15کی بجائے 10فیصد ٹیکس، ٹھیکوں کی رقم پر 15 کی بجائے 7.5 فیصد ٹیکس، پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر 25کی بجائے 15فیصد ٹیکس، بینکوں سے50 ہزار سے زائد کیش نکلوانے پر 0.6 کی بجائے 0.3 فیصد ٹیکس شامل ہے – انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت ٹیکس کلچر کو فروغ دینے اور عوام کو گوشوارے جمع کروانے کی ترغیب دینے کے لئے متعدد اقدامات بھی اٹھارہی ہے جب کہ گوشوارے نہ جمع کروانے والوں کو مالی خسارے کا سامنا ہوگا جس میں سب سے اہم نان فائلرز 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کوئی جائیداد نہیں خرید سکتے جبکہ 40 لاکھ سے زائد مالیت کی جائیداد خریدنے پر خرید کی کل رقم کا 4 فیصد ٹیکس جمع کروانا ہوگا-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں