251

حضور ﷺ نے مرتے دم تک اپنی امت کی خیر خواہی اور بخشش کی فکر کی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا درس دیا. عارف انور بلوچ کمشنر ساہیوال

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی حیات طیبہ کی مکمل پیروی میں ہی دین و دنیا کی کامیابی ہے اور ہر مکتب فکر کے افراد کو اپنی زندگیوں کو حضور کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنا چاہئیں- علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عام آدمی کو اسوہ حسنہ سے روشناس کرائیں جس سے معاشرے میں امن اور رواداری کو بھی فروغ ملے- انہو ں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں آر پی او شارق کمال صدیقی، ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان، ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان، ڈی پی او ساہیوال کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء، ڈی پی او اوکاڑہ اطہر اسماعیل، میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ، چیئر مین ضلع کونسل اوکاڑہ ملک علی قادر، چیئر مین ضلع کونسل پاکپتن محمد اسلم سکھیرا، ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال اور علماء کرام سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، حاجی احسان الحق ادریس، شیخ اعجاز احمد رضا، پیر قطب الدین، چوہدری عبدالمنان عثمانی، سید کوثر علی رضوی، سید زاہد علی گیلانی، مولانا علی سردار، مولانا قاری بشیر احمد اور مولانا قمر لکھوی نے بھی شرکت کی- انہو ں نے کہا کہ حضور ﷺ نے مرتے دم تک اپنی امت کی خیر خواہی اور بخشش کی فکر کی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا درس دیا جس کے بغیر معاشرے میں امن ممکن نہیں- آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ دنیا کے تمام درخت قلم بن جائیں اور پانی روشنائی بن جائے تو بھی حضور ﷺ کی عظمت کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا-حضور ﷺ تمام جہانوں کے لئے رحمت اللعالمین ہیں جن کی اتباع سے ہی دونوں جہانوں میں سرخروئی ممکن ہے- ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال نے تجدید عہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی نشاۃ ثانیہ کے لئے حضور ﷺ کی سیرت پر مکمل عملدر آمد کرنا لازم ہے- انہو ں نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ عوام میں امن اور محبت کا پر چار کریں تا کہ معاشرے میں باہمی بھائی چارے کو فروغ مل سکے- تقریب سے علماء کرام نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اختلاف رائے سے مراد لڑائی جھگڑا انہیں اور باہمی رواداری کے فروغ کے لئے علماء کرام کا کردار اہم ہے- انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ او رپولیس کے کردار کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں