276

افسران عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں. کمشنر عارف انور بلوچ

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھول دیں تا کہ سائل بلا جھجھک اپنی مشکل بیان کر سکے۔ دفتر میں آنے والے غریب سائل سے دو میٹھے بول بھی صدقہ ہیں جس سے دادرسی کی امید لے کر آنے والے افراد کی ڈھارس بندھتی ہے۔ انہو ں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ رضوان نذیر، ڈپٹی کمشنر پاکپتن ڈاکٹر احمد افنان، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد امین اویسی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالغفور چوہدری، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سید ریاض حسین ہمدانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر، سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی کے علاوہ تینوں اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے دفاتر میں جائز کاموں کے لئے آنے والے سائلین کی بلاتفریق خدمت ہرافسرکی بنیاد ی ذمہ داری ہے اور پبلک ڈیلنگ میں لوگوں کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سوچ سے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں اور ان میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے جس کے لئے ہر شخص کو اپنی سطح پر انفرادی اور اجتماعی کوششیں کرنی چاہئیں۔انہوں نے ساہیوال میں اپنی پوسٹنگ کو سروس کا خوشگوار لمحہ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے سفر کے دوران ساہیوال سے گزرتے ہوئے ہمیشہ سکون کا احساس محسوس کیا اور امید ہے کہ یہاں اپنی تعیناتی کے دوران اس احساس کو مزید مضبوط کریں گے۔ کمشنر عارف انور بلوچ نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ملک کی بھلائی اور ترقی کے لئے کوشاں رہیں کیونکہ ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے لیکن ہم ننے ملک کی قدر نہیں کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کمشنر عارف انور بلوچ کی قائدانہ صلاحیتوں کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کمشنر ساہیوال کی حیثیت سے تعیناتی سے ڈویژن میں تعمیر و ترقی کی رفتار مزید تیز ہو گی اور عوامی مسائل فوری حل ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں